شہدائے سندھ پولیس کرکٹ کا فائنل میچ،آئی جی سندھ کی بطورمہمان خصوصی شرکت

سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا قیام انتہائی مستحسن اور قابل تعریف اقدام ہے،ڈاکٹر کلیم امام کا خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 19:46

شہدائے سندھ پولیس کرکٹ کا فائنل میچ،آئی جی سندھ کی بطورمہمان خصوصی شرکت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد میں جاری دوسرا شہدائے پولیس سندھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں رنگون والا گروپ کرکٹ کلب نے عمرکرکٹ کلب کو91رنز سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔رنگون والا گروپ کے کھلاڑی احمد عالم نے 65 گیندوں پر110رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے شہدائے سندھ پولیس کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیئے گئے تھے ۔

جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں معروف کرکٹر یونس خان ودیگر قابل ذکر ہیں۔آئی جی سندھ نے شہدائے پولیس سندھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے جملہ کوششوں اور اقدامات پر منتظمین کی تعریف کی اور سراہا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا قیام انتہائی مستحسن اور قابل تعریف اقدام ہے جسکا مقصد سندھ پولیس کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انھیں قومی سطح پر ہونیوالے مختلف کھیلوں بشمول کرکٹ ،ہاکی اورفٹبال وغیرہ کے مقابلوں حصہ دلانا اورسندھ پولیس میں کھیلوں جیسی صحت مندسرگرمیوں کو فروغ دینا ہے کیونکہ بہترین اور مؤثرپولیسنگ میں ذہنی اور جسمانی فٹنس کلیدی حیثیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہیدوں کے نام پر کرکٹ میچز یا دیگرکھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد انکی فرض کی راہ میں دی جانیوالی قربانیوں اورامن کی خاطر انجام دیئے گئے کارہائے نمایاں کو یاد رکھنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس کے خاندان خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں انکی مالی امداد،معاشی کفالت اور بچوں کی تعلیم جیسے اقدامات میں محکمہ سندھ پولیس ان کے ساتھ ہے اور رہیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ اور بحالی امن جیسے اقدامات میں مسلسل مصروف عمل ہے اور چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں امن وامان کے حالات میں بہتری آئی ہے اوراغواء برائے تاوان/دیگرجرائم کیخلاف مؤثرحکمت عملی اوراقدامات سے مذکورہ جرائم میں بھی کمی آئی ہے ۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کرکٹ،ہاکی،فٹبال اور کھیلوں کے دیگر مقابلوں کو سندھ کے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کے جملہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آئندہ ماہ اس ٹورنامنٹ کے تسلسل میں شہدائے پولیس سندھ کے نام سے ہاکی اور فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے ۔

جنکے ٹرائل میچز میں سندھ پولیس کو ترجیح دی جائیگی۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر ڈاکٹرجنید علی شاہ اور دیگر معروف کرکٹرز/شخصیات کا شہدائے پولیس سندھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقادپرانکے بھرپور تعاون اورمعاونت پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی ایڈمن،ڈی آئی جی ویسٹ سمیت سینئر پولیس افسران و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ،رنرزاپ کو پچاس ہزارروپئے جبکہ مین آف دی میچ قرار دیئے گئے کھلاڑی کو مؤٹرسائیکل انعام میں دی گئی۔کرکٹ فائنل کو شہدائے پولیس سندھ کے ورثاء نے بھی دیکھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں