سندھ پولیس فٹ بال ٹیم نے رمضان المبارک نائٹ ٹورنامنٹ سیزن 3 کا تائٹل اپنے نام کر لیا

جمعہ 24 مئی 2019 17:42

سندھ پولیس فٹ بال ٹیم نے رمضان المبارک نائٹ ٹورنامنٹ سیزن 3 کا تائٹل اپنے نام کر لیا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) سندھ پولیس فٹ بال ٹیم نے رمضان المبارک نائٹ ٹورنامنٹ سیزن 3 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ میں مسلم اسپورٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 سے مات دے کر ٹرافی سندھ پولیس کے نام ہو گئی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ پولیس فٹ بال ٹیم کی شاندار پرفارمنس پر چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ ڈی آئی جی پی ایڈمن عاصم خان نے کھلاڑیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا ہر جوان تمام شعبوں میں اپنی کارکردگی کا ماہر ہے۔ انہوں نے رمضان نائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ سیزن 3 میں سندھ پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو شاندار کھیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ پولیس میں کھیل کے تمام شعبوں کو فعال بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری اسپورٹس سندھ پولیس شاہ عدیل، سندھ پولیس جوڈو کوچ محمد رفیق اور ونر سندھ پولیس فٹ بال ٹیم کے تمام کھلاڑی بھی موجود تھے، عاصم خان نے سندھ پولیس فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ مزید محنت کریں اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ ہونے والے ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر کھیلوں میں سندھ پولیس کی اسپورٹس ٹیمیں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں