شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ’سٹارز‘ قرار دے دیا

اس ٹیم کو شکست کے باوجود بیک کریں کیونکہ جب یہ جیتتے ہیں تو سب ساتھ ہوتے ہیں، یہ ہمارے اسٹارز ہیں: سابق سٹار آل راؤنڈر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 17 جون 2019 22:37

شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ’سٹارز‘ قرار دے دیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17جون2019) سابق سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پاکستانی ٹیم کے بھارت سے ہار جانے کے بعد ہونے والی تنقیدکے باوجود قوم سے درخواست کی ہے کہ اس ٹیم کی حمایت کی جائے کیونکہ یہ ہمارے سٹارز ہیں۔ شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹر پیگام میں کہا ہے کہ ’کل کی شکست کے بعد ہمارے میڈیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

میری یہی گزارش ہے کہ اس ٹیم کو شکست کے باوجود بیک کریں کیونکہ جب یہ جیتتے ہیں تو سب ساتھ ہوتے ہیں، ہار میں ساتھ رہیں تو جیت بھی مقدر بن جاتی ہے۔ یہ ہمارے اسٹارز ہیں، ہمیں انکی ہرممکن سپورٹ کرنی چاہئے‘۔ 
شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی حمایت کرنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہی ٹیم جیتی بھی ہے اور جب یہ جیتتی ہے تو سب اسکا ساتھ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دیدی ہے ۔ بھارت کے 337رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ٹیم کو عمدہ آغاز نہ دے سکے اور امام الحق 7رنز بنا کر شنکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے 104 رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران پاکستانی اوپنر نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

337 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں117 کے سکور پر بابر اعظم 48 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 126 کے سکور پر اوپنر فخر زمان 62رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، ان کی وکٹ بھی کلدیپ یادیو کے حصے میں آئی۔129کے سکور پر 26ویں اوورز میں پانڈیا نے لگاتار دو گیندوں پر محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئر بیٹسمینوں کی وکٹیں اپنے نام کرلیں۔عماد وسیم اور کپتان سرفراز احمد نے انڈر پریشر ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، کپتان سرفراز احمد اس موقع پر شدید دباﺅمیں نظر آئے اور 30 گیندوں پر صرف 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔ بارش رکنے پر پاکستان کو جیت کےلئے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت302رنز کا ہدف ملا تاہم سرفراز الیون مقررہ 40اوور ز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنا سکی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں