کراچی، محمود مولوی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ،پیٹریسن اسٹار کا فاتحانہ آغاز

جمعرات 14 نومبر 2019 20:40

کراچی، محمود مولوی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ،پیٹریسن اسٹار کا فاتحانہ آغاز
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے عبدالناسر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کراچی پر جاری "پہلا محمود مولوی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ"میں پیٹریسن اسٹار باسکٹ بال کلب کا فاتحانہ آغاز ،مد مقابل مضبوط حریف عثمان باسکٹ بال کلب کو سخت اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 36کے مقابلے میں 38باسکٹ پوائنٹس سے مات دیدی ،فاتح کلب کی جانب سے رچرڈ بلیزے 14،ایلوس فرنانڈس 12اور جوناتھن ڈیسوزا نے 10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے محمد حسن اقبال 12،شارق سلیمان 10اور حمزہ پروانی نے 9پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض زاہد ملک ،راحیل مبین اورظفر اقبال نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون ،طارق حسین اور ڈاکٹر نعیم احمد تھے میچ سے قبل مہمان خصوصی وائس چیئر مین بلدیہ جنوبی منصور احمد شیخ سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں عوام کو تمام شعبے میں ترقی دینے کے لئے جدو جہد کررہی ہے انہوں نے کہاکہ کھیلوں کا فروغ ترقی اور امن کی ضمانت ہے PTIشہر میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائے گی انہوںنے کھلاڑیوں سے کہاکہ وہ تعلیم پر توجہ دیں اور صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں کھلاڑیوں کی درخواست پر انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ چیئر مین بلدیہ جنوبی ملک فیاض سے مشاورت کے بعد عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ میں کھلاڑیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے اس موقع پر پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین کیانی کی والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعاء کی گئی اس موقع پر منتظم ٹورنامنٹ غلام محمد خان ،سیکریٹری طارق حسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں