ڈی جی رینجرز (سندھ) کی مرحوم حکیم سعید انٹر اسکول فٹ بال چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

جمعرات 12 دسمبر 2019 23:46

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری نے ہمدرد یونیورسٹی (مدینتہ ا لحکمہ) حکیم سعید روڈ کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی چانسلر محترمہ سعدیہ راشد اور انتظامیہ نے ڈی جی رینجرز (سندھ) کا استقبال کیا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) کو ہمدرد یونیورسٹی میں قائم لائبریری اور میوزیم کا بھی دورہ کروایا گیا۔

بعد ازاں ڈی جی رینجرز (سندھ) نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مرحوم حکیم سعید انٹر اسکول فٹ بال چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) نے اپنے خطاب کے دوران ہمدرد یونیورسٹی کے بانی مرحوم حکیم سعید کو زبر دست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کی تاریخ قابل فخر حیثیت رکھتی ہے اور حکیم محمد سعید مرحوم کی طب اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

میجر جنر ل عمر احمد بخاری نے طلباء پر زور دیا کہ درس گاہیں قوموں بالخصوص نوجوانوں کی کردار سازی اور روشن مستقبل کا تعین کرتی ہیں اس ضمن میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ طالب علموں کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار اور قابلیت کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیری سوچ کے ساتھ ملک کی ترقی اور امن و امان کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی چانسلر، وائس چانسلر، انتظامیہ اور طلباء نے قیام امن میں رینجرز کی کوششوں کو سراہا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں