شاہ حسین شاہ نے سائوتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اب نظریں اولمپکس میں میڈل جیتنے پر جمالیں

جمعہ 13 دسمبر 2019 16:06

شاہ حسین شاہ نے سائوتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اب نظریں اولمپکس میں میڈل جیتنے پر جمالیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) پاکستان کے ٹاپ جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے سائوتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اب نظریں اولمپکس میں میڈل جیتنے پر جمالی ہیں۔ ایک انٹرویو میں باکسنگ لیجنڈ حسین شاہ کے بیٹے نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اولمپکس مقابلوں میں اپنے والد کی طرح پاکستان کیلئے میڈل لائیں، انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اس بار وہ میڈل جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

شاہ حسین شاہ نے کہا کہ وہ جاپان میں ٹریننگ کررہے ہیں، ٹاپ جوڈوکاز کے ساتھ ٹریننگ کرنا اور کوچ رکھنا، یہ سب آسان نہیں، کوئی بھی ایتھلیٹ اکیلا اولمپکس میں میڈل نہیں جیت سکتا، اس کیلئے حکومت، فیڈریشن اور عوام، سب ہی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔شاہ حسین شاہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں اب تک حکومت کی جانب سے کوئی سپورٹ نہیں ملی تاہم وہ اس بارے میں زیادہ سوچتے نہیں اور ان کی توجہ صرف ٹریننگ پر ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر کامن ویلتھ گیمز اور ایشین جوڈو چمپئن شپ میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے جوڈوکا نے کہا کہ ریو اولمپکس میں انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اولمپکس کیا ہوتے ہیں، لیکن اب انہیں اس کے معیار کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہے۔شاہ حسین شاہ اولمپکس میں کونٹی نینٹل کوٹے پر جگہ بنانے والوں کی فہرست میں آچکے ہیں تاہم مئی 2020 تک یہ پوزیشن برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، شاہ کی نظریں اب بھی براہ راست کوالیفکیشن پر ہیں اور اس کو حاصل کرنے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کھیلنا ضروری ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں