پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا پاکستان میں کھیلا جانا خوش آئند ہے

ملک میں غیر ملکی کرکٹرز کے کھیلنے سے دنیا کو پاکستان کے پرامن اور محفوظ ملک ہونے کا پیغام جاتا ہے۔ چیئرمین کراچی کنگز سلمان اقبال

پیر 17 فروری 2020 20:28

پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا پاکستان میں کھیلا جانا خوش آئند ہے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے چیئرمین سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا پاکستان میں کھیلے جانا خوش آئند ہے، ملک میں دنیائے کرکٹ سے وابستہ ممالک کے کرکٹرز کے کھیلنے سے دنیا کو پیغام جاتا ہے کہ پاکستان پرامن اور محفوظ ملک ہے جس سے ملک کے مثبت تاثر کو مزید تقویت ملتی ہے۔

انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جانا بے حد خوش آئند ہے، یہ لیگ پاکستان کی ہے اس لئے سب کی دلی تمنا تھی کہ اس کے میچز پاکستان میں ہی کھیلے جانے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے تمام میچز ملک میں کھیلنے کے لئے حکومت، فوج، سکیورٹی اداروں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتھک محنت اور کوششیں کی ہیں اور اس سلسلے میں تمام فرنچائز نے بھی بھرپور کوشش کی ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کے لئے تیار کرنا بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں ہونے سے تمام دنیا کو باور کروایا جائیگا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہمارا ملک محفوظ ہے اور اس مسیج سے ملک کے امیج کو مزید تقویت ملے گی۔ سلمان اقبال نے کہا کہ ملک میں پی ایس ایل کے تمام میچز کروانے کے حوالے سے تمام فرنچائز اپنے طور پر کام کرتی رہی ہیں، فرنچائز سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام فرنچائز نے اپنی ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں کا ذہن تبدیل کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان محفوظ ترین ملک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کراچی کنگز کے سربراہ سلمان اقبال نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز سمیت تمام کرکٹرز کی سیکیورٹی فول پروف اور مکمل ہونے میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہوچکے ہیں اور سیکوریٹی اداروں نے کھلاڑیوں کو فول پروف اور مکمل سیکوریٹی فراہم کی تھی جس پر ہم ان شکرگزار بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی امید ہے کہ ایسا ہی ہوگا اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے نہ صرف غیرملکی کرکٹرز سمیت تمام کرکٹرز کو فول پروف سیکوریٹی فراہم کریں گے بلکہ مثالی انتظامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک میں کھیلنا راحت بھی ہے اور فائدہ بھی، آمدنی سے زیادہ آپ اپنے ملک میں راحت پاتے ہیں اور سپر اسٹارز کو کھیلتے دیکھ کر آنے والی نسلوں میں بھی کرکٹ کا شوق بڑھتا ہے۔

سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز ملک اور کرکٹ کی ہر طرح سے خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ یار رہے کہ پی ایس ایل کے دوران پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر 2 ٹیموں کے پاس ہے۔ کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز کے خلاف ابتدائی 6 اوورز میں 78 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ کراچی کنگز نے یہ اسکور ایک وکٹ جبکہ ملتان سلطانز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔ پی ایس ایل میں اب تک پانچ سنچریاں بنی ہیں اور کراچی کنگز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ان کے کھلاڑی کولن انگرام نے ایک میچ میں 127 رنز بنائے اور وہ ناٹ آئوٹ رہے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں