پی ایس ایل فائیوکی افتتاحی تقریب،350 فنکار جلوہ گر ہوئے، راک، پاپ، بھنگڑا، فوک اور علاقائی موسیقی کا تڑکا لگا

راحت فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا، آفیشل ترانے میں شریک چاروں فنکاروں نے تقریب کو چار چاند لگادئیے

جمعرات 20 فروری 2020 23:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی سی ایل) فائیو2020 کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کی گئی۔ پی ایس ایل کی پانچ سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں منعقدہ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ اس دوران اسٹیڈیم کی لائٹس بند کردی گئی تھیں اور سفید و ہری چھوٹی برقی قمقوں کی روشنی میں اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے احتراماً کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا۔

یہ منظر انتہائی روح پرور منظر پیش کررہا تھا۔ جمعرات کو منعقدہ تقریب کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کو بہت خوبصورت انداز میں برقی قمقوں سے سجایا گیا تھا اور فنکاروں و گلوکاروں کی پرفارمنس کے لئے وسیع و عریض اسٹیج بھی تیار کیا گیا تھا جو اسٹیڈیم میں انتہائی دلکش مناظر پیش کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی بڑی تعداد نے فنکاروں و گلوکاروں کی بہترین پرفارمنس پر دل کھول کر داد دی۔

معروف گلوکار و فنکار فخر عالم نے تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض انجام دئیے۔ ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں کل 350 فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران مختلف گلوکار اپنی آواز کا جادو جگاتے رہے جبکہ دیگر فنکاروں نے بھی اپنے رقص سے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی فضائیں پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی کی دھنوں میں رنگ گئی۔ ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ اور سوچ بینڈ میں شامل گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پی ایس ایل کے آفیشل ترانے میں شامل چاروں گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوئے۔

لیگ کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد کا جشن منانے کے لیے تقریب کے دوران آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی و دیگر عہدیداران سمیت پی ایس ایل فرنچائز کے مالکان، کوچز، کپتان و دیگر اہم شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

لاہور قلندر اور ملتان سلطان کی ٹیموں کے کپتان جمعہ کو اپنے میچوں کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے اپنے مختصر خطاب میں پی ایس ایل کی کامیابی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اعلان کیا کہ اگلے سال پی ایس ایل میچز پشاور میں کروائے جائیں، پی ایس ایل کی کامیابی میں ایج بی ایل سمیت دیگر اسپانسر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ حکومت پاکستان، سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے تعاون کے بغیر پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانا ناممکن تھا، سکیورٹی فورسز نے بھی پی ایس ایل کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں