پاکستان کرکٹ بورڈ کی باقاعدہ اجازت سے ایم ایم بیگ میموریل کر کٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 10مارچ سے ہوگا

جمعرات 27 فروری 2020 20:12

پاکستان کرکٹ بورڈ کی باقاعدہ اجازت سے ایم ایم بیگ میموریل کر کٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 10مارچ سے ہوگا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی) کی اجازت سے کھیلا جانے والا بانی ناظم آباد جیم خانہ ایم ایم بیگ میموریل کر کٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 10مارچ سے ہوگا۔ ناک آئوٹ بنیاد پرکھیلا جانے والا ایونٹ چالیس اوورز کی اننگز پر مشتمل ہوگا جو کہ پی سی بی ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق اور پی سی بی پینل امپائرز اور اسکوررز کی نگرانی میں کھیلا جائیگا۔

ٹورنامنٹ میں وہی کلب حصہ لے سکتے ہیں جن کو دعوت نامے ار سال کئے گئے ہیں اور گزشتہ پی سی بی فضل محمود میںشرکت کر چکیں ہوں۔ ٹورنامنٹ کے شایانِ شان انداز میں انعقاد کے لئے پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا۔ شرکت کر نے والے کلبز کو ہدایت کی گئی ہے کہ انڈر 19 کے 6 اور 2 انڈر 16 کھلاڑیوں سمیت 20 کھلاڑیوں کے نام بمعہ ولدیت کلب کے لیٹر ہیڈ پر (آج) 28 فروری تک ایس اے فہیم کے پاس جمع کرادیں۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے لیاقت آباد ایگلٹس، المنصورہ سی سی، نزیر حسین ، یونائیٹڈ اسپورٹس، نیو یونائیٹڈ جیم خانہ، مجاہد جیم خانہ، کوہِ نور، شاہین جیم خانہ، آغا خان جیم خانہ، ٹپال سی سی، پنجاب سی سی، کامریڈ اسپورٹس، ینگ پاک فلیگ، کورنگی جیم خانہ،پاک کورنگی، پاکستان سی سی، عالمگیر جیم خانہ،نادرن جیم خانہ، میٹرو پولیٹن ، ناظم آباد ینگسٹر، ناظم آباد کولٹس،شاہی باغ ، شالیمار سی سی، پیرا مائونٹ ،حیدری جیم خانہ، اورینٹل سی سی، مظہر جیم خانہ،آصف آباد اسپورٹس، پریمیئر سی سی، آزاد سی سی، التاج سی سی، بلدیہ جیم خانہ، پاک سورتی، ملک اسپورٹس اور الحمرا سی سی کو دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ کی کوئی انٹر ی فیس نہیں جبکہ گرائونڈز، بالز، امپائرز، اسکوررز، میچ ریفری، مین آف دی میچ، ونر اور رنر ٹرافیاں آرگنائزنگ کمیٹی فراہم کرے گی۔ عتیق صدیقی کو ٹورنامنٹ میڈیا کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں