پاکستانی مارشل آرٹ کھلاڑی نے کہنی سے اخروٹ توڑنے کا بھارتی ریکارڈچھین لیا

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) پاکستانی مارشل آرٹسٹ محمد راشد نے ایک بار پھر ایک منٹ میں کہنی مار کر اخروٹ توڑنے کا ریکارڈ بھارتی آرٹسٹ سے چھین لیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ محمد راشد نے ایک بار پھربھارت سے گینزبک ریکارڈ چھین لیا ۔ محمد راشد نے کہنی کے وارکر کے ایک منٹ میں 256 اخروٹ توڑکر ایک بار پھر ریکارڈبنا لیا ہے ۔

اس سے قبل بھارتی مارشل آرٹسٹ پربھاکرریڈی نے ایک منٹ میں 229 اخروٹ توڑکرریکارڈ بنایاتھا۔

(جاری ہے)

یوں بھارتی ماسٹرپربھاکر ریڈی کوایک مرتبہ پھر سے شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے بھی تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کردیا ۔ اس سے قبل بھی محمد راشد ایک اور بھارتی ماسٹر کو شکست دے چکے ہیں ۔جس میں انہوں نے ایک منٹ میں ٹارگٹ پر114 گھٹنے کے وار کیے۔محمد راشد کا انفرادی طور پریہ 45 واں ورلڈ ریکارڈ ہے۔ یوں پاکستان اکیڈمی آف مارشل آرٹس کے منظورشدہ ریکارڈز کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔ انہوں نے انڈے توڑنے، سر سے ناریل اور تربوز پھوڑنے اور ہتھیلی سے اخروٹ توڑنے سمیت کئی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں