قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کاپانچواں رائونڈ (کل) سے شروع ہو گا

پاکستان کرکٹ بورڈ وائٹ ربن کی خواتین پر تشدد کے خاتمے کی مہم میں اپنا کردار ادا کرے گا

بدھ 25 نومبر 2020 21:57

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کاپانچواں رائونڈ (کل) سے شروع ہو گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کاپانچواں رائونڈ (کل) سے شروع ہو گا۔تفصیلات کیمطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ زور و شور سے جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید ترقی بھی حاصل کر رہے ہیں،ایسے تمام کھلاڑی جنہوں نے فرسٹ الیون میں ترقی حاصل کی(جبکہ پاکستانی ٹیم کے 34کھلاڑی نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں) پھر بھی ان کھلاڑیوں نے توقعات کے عین مطابق چوتھیراونڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جبکہ ٹیموں کے درمیان ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ بھی جاری ہے۔ قائداعظم ٹرافی کا پانچواں راونڈ جمعرات سے شروع ہونے جا رہا ہے، یہ راونڈ بھی دومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کے لئے عمدہ کارکردگی دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے ، وہ اپنی سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے خواتین پر تشدد کے خاتمے کی وائٹ ربن مہم میں بھرپور شمولیت اختیار کرے گا۔

اس سلسلے میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راونڈ کے پہلے دن کھلاڑی، سپورٹ سٹاف،آفیشلز اور مبصرین وائٹ ربن مہم میں حصہ لیتے ہوئے وائٹ ربن پہنیں گئے۔سدرن پنجاب کی ٹیم جو پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آ گے ہے سندھ کے خلاف نیشنل سٹیڈیم میں میچ کو ڈرا کھیل کر سدرن پنجاب نے اچھی کارکردگی کا ثبوت دیا اس موقع پر سیف بدر کی ہاف سنچری سراہے جانے کے قابل تھی۔

سدرن پنجاب کی ٹیم جوکہ 64 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے اور چھ ٹیمز کے اس ٹورنامنٹ میں وہ اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوشش بھی کرے گی۔ سنٹرل پنجاب جو کہ سدرن پنجاب کے مدمقابل ہوگی ابھی تک اس ٹیم نے حالیہ سیزن میں کوئی فتح حاصل نہیں کی ہے۔چار میچز میں سے تین میچز ہار کر سنٹرل پنجاب پوائنٹس ٹیبل پے سب سے آخر پر ہے۔تاہم حسن علی کی ٹیم میں واپسی نے ٹیم میں نئی جان پیدا کی ہے۔

خیبرپختوخواہ نے شاندار مقابلے کے بعد سنٹرل پنجاب کو شکست دی اسطرح میچ میں 23 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد وہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں،اس فتح میں خالد عثمان کی 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے جبکہ ساجد خان کی 10 وکٹوں نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ناردرن اور بلوچستان میچ کو ڈرا کھیلنے کے بعد اب دوسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

دونوں سائیڈز کے کھلاڑیوں نے شاندار میچ کھیلا،بلوچستان کے عظیم گھمن جو کہ سیکنڈ الیون سے ترقی پا کر آئے تھیانہوں نے ترقی کو درست ثابت کرتے ہوئے دو دفعہ نوے سے زائد رنز کی اننگز کھیلیں۔ ناردرن کے عمر امین نے دوسری اننگز میں سنچری بنا کر میچ کو ڈرا کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔پانچواں راونڈ26 سے 29 نومبر تک جاری رہے گا۔سدرن پنجاب بمقابلہ سنٹرل پنجاب،یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس پنجاب کی دونوں ٹیمز جو پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پہلے اور آخری نمبر پر موجودہیں اب قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلا س ٹورنامنٹ 21-2020میں پہلی دفعہ مدمقابل ہونگی۔

عمر صدیق سدرن پنجاب کی قیادت کررہے ہیں وہ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے بھر پور کوشش کریں گے۔سنٹرل پنجاب کی ٹیم بھی اپنی کامیابی کو یقنی بنانے کے لیے پر امید ہے۔سنٹرل پنجاب کی ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں ناکام رہی ہے۔ اظہر علی نے سنٹرل پنجاب کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں اور اور وہ زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر موجود ہیں انہوں نے 6 اننگز میں 269 رنز بنائے ہیں۔

لیکن اب وہ قومی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ میں موجود ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے دوسرے کامیاب بیٹسمین محمد سعد ہیں جنہوں نے 8 اننگز میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 265 رنز بنائے ہیں۔ ان کے رنز بنانے کی اوسط 33 سے اوپر ہے۔ ٹیم کے تیسرے کامیاب بیٹسمین عثمان صلاح الدین ہیں جنہوں نی28.88کی اوسط سے 231 رنز جوڑے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے بولروں میں 22 سالہ اسپنر احمد صفی عبداللہ کامیاب جا رہے ہیں۔

انہوں نے اٹھارہ وکٹیں حاصل کی ہیں ، وقاص مقصود 14 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ سنٹرل پنجاب نے اپنے آخری میچ میں جو تمام پانچ پوائنٹس حاصل کیے ہیں وہ بولنگ بونس پوائنٹس ہیں۔ اس سے ان کے بولروں کے حوصلے مزید بلند ہو ئے ہیں۔ فاسٹ بولر حسن علی کی آمد سے سنٹرل پنجاب کی بولنگ مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ سدرن پنجاب پنجاب کی بولنگ کو اس وقت دادو سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ بولر محمد زاہد کی وجہ سے برتری حاصل ہے۔

وہ 25 وکٹیں 20.80 کی اوسط سے حاصل کر چکے ہیں۔ وہ زیادہ وکٹیں حااصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ سلمان علی آغا اور زین عباس نے چوتھے راونڈ میں سدرن پنجاب کی جانب سے رنز کیے۔ دونوں بیٹسمینوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ سدرن پنجاب کے کپتان عمر صدیق پر امید ہیں کہ پانچویں راونڈ میں یہ جوڑی ایک بار پھر توقعات پر پوری اترتے ہو ئے اچھی بیٹنگ کرے گے۔

خیبر پختونخواہ بمقابلہ ناردرن۔ نیشنل اسٹیڈیم سنٹرل پنجاب کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے والی خیبر پختوخواہ کی ٹیم نیشنل اسٹیڈیم میں ناردرن کے خلاف میچ کھیلے گی جس کی پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن ہے۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ پاکستان اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز کو دکھانے کا موقع ملے گا کیونکہ پی ٹی وی اسپورٹس یہ میچ براہ راست نشر کرے گا جبکہ پی سی بی یوٹیوب چینل سے بھی یہ میچ دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔

ساجد خان نے چوتھے راونڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف خیبر پختونخواہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا وہ 21.09 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں 27 سالہ آف اسپنر ساجد خان بولروں کی فہرست میں ٹاپ پر موجود ہیں۔ وہ چار میچوں میں تین مرتبہ اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کے بیٹسمینوں نے بھی جب ضرورت پڑی اچھے کھیل کا مطاہرہ کیا ہے۔

عادل امین تین نصف سنچریاں بنا چکے ہیں جبکہ کپتان خالد عثمان نے 92 رنز ناٹ آوٹ سے اپنا شاندار حصہ اس وقت ڈالا جب پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن اپ فلاپ ہو گئی تھی۔عادل 323 رنز کے ساتھ سب زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ سیکنڈ الیون سے فرسٹ الیون میں ترقی پانے کے بعد مصدق احمد نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر 43.25 کی اوسط سے 173 رنز بنا چکے ہیں۔ناردرن کے آل راونڈر حماد اعظم اس وقت فارم میں ہیں۔ انہوں نے سات اننگز میں بیٹنگ کی ہے اور اس دوران انہوں نے ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے 410 رنز 68.33 کی اوسط سے بنائے ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔

عمر امین 340 رنز کے ساتھ اچھی فارم میں ہیں اگرچہ ان کی پوزیشن حماد اعظم سے دو درجے کم ہے۔ عمر امین نے حال ہی میں اس وقت سنچری کر کے اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچایا جب ناردرن کے 62 رنز پر چار کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔ انہوں نے محمد نواز کے ساتھ مل کر 223 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی محمد نواز نے 95 رنز بنائے۔میچ کا اختتام نہایت سنسنی خیز انداز میں ہوا،نادرن کی ٹیم فتح سے محض8 رنز کی دوری پر تھی۔

کپتان نعمان علی توقع کر رہے ہیں تینوں بیٹسمین ایک مرتبہ پھر اچھی بیٹنگ کریں گے۔ نعمان علی ساجد خان سے آگے نکلنے کی کوشش کریں گے۔ دونوں بولروں میں تین وکٹوں کا فرق ہے۔ بلوچستان بمقابلہ سندھ۔ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان پانچویں راونڈ کا میچ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں کھِیلا جائے گا۔ یہ رواں سیزن کا اس وینیو پر کھیلا جانے والا پہلا فرسٹ کلاس میچ ہے۔

سندھ کی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تین بیٹسمینوں کے سنچریاں کرنے سے بڑا حوصلہ ملا ہے اور بیٹنگ لائن اپ فارم میں آئی ہے۔ اسد شفیق ، عمیر بن یوسف اور شرجِیل خان نے چوتھے راونڈ سنچریاں اسکور کیں۔ جبکہ سعود شکیل نے شاندار 70 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ شرجیل خان نے سات برس کے وقفے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچری اسکور کی ، ان بیٹسمینوں کے فارم میں واپس آنے سے سندھ کی ٹیم کو امید ہے کہ آنے والی اننگز میں بھی رنز ہوں گے۔

اور نوجوان کرکٹرز سے دباؤ کم ہو گا اور وہ آزادانہ کھیل سکیں گے۔ فاسٹ بولر تابش خان سندھ کی بولنگ کو لیڈ کر رہے انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کرر کھی ہیں جس میں ایک مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔سدرن پنجاب کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جوڑی شاہ نواز دھانی اور ابرار احمد ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے سلو لیفٹ آرام 34 سالہ کاشف بھٹی 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ بلوچستان کی بولنگ کو لیڈ کر رہے ہیں۔ کاشف بھٹی بیٹنگ میں بھی شاندار جا رہے ہیں۔ وہ 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 241 رنز بنا چکے ہیں۔ دوسرے قابل ذکر بیٹسمین تیمور علی ہیں وہ 250 رنز جوڑ چکے ہیں۔ ان کے رنز بنانے کی اوسط 50 ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں