پاکستان کپ کے آٹھویں راؤنڈ میں سندھ، سدرن پنجاب اور بلوچستان نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ناردرن کو 13 رنز سے شکست دے دی

ہفتہ 23 جنوری 2021 12:15

پاکستان کپ کے آٹھویں راؤنڈ میں سندھ، سدرن پنجاب  اور  بلوچستان نے اپنے اپنے میچز جیت لیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2021ء) این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ناردرن کو 13 رنز سے شکست دے دی۔ 278 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 264 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسپنر دانش عزیز نے 32 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ناردرن کے حماد اعظم 70 اور حیدر علی 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنر ذیشان ملک نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل ناردرن کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سندھ نے اوپنر خرم منظور کی 138 گیندوں پر 15 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 122 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔دائیں ہاتھ کے اوپنر کی یہ لسٹ اے کرکٹ میں چھبیسویں سنچری ہے۔ انہوں نے پاکستان میں لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والا سعید انور کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اختتامی اوورز میں کپتان انور علی نے 39 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ناردرن کے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔خرم منظور کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے حارث سہیل کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سنٹرل پنجاب کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔

بلوچستان نے 297 رنز کا ہدف محض 2 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 99 گیندوں پر 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 5 چوکےشامل تھے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان نے 60 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کے محمد علی، عثمان قادر اور رضا علی ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے مقررہ پچاس اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے تھے۔

چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں آنے والے قاسم اکرم نے 81 گیندوں پر 14 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ ظفر گوہر 48 اور طیب طاہر 42 رنز بناکرآؤٹ ہوئے تھے۔بلوچستان کے جلات خان نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔حارث  سہیل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے کے پی کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔

فاتح ٹیم نے 245 رنز کا مطلوبہ ہدف دس گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان شان مسعود 91 (نو چوکے) اور خوشدل شاہ 71 رنز (چھ چوکے اور دو چھکے) بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ خیبر پختونخوا کے خالد عثمان، آصف آفریدی، افتخار احمد اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کے پی کی پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

فاسٹ باؤلر محمد عباس نے چالیس رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ زاہد محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان نے 56 جبکہ محمد حارث نے 54 رنز بنائے۔ شان مسعود اور محمد عباس کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آٹھویں راؤنڈ کے اختتام پر سندھ کی ٹیم پہلے(12 پوائنٹس)، سدرن پنجاب، خیبرپختونخوا اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کےساتھ بالترتیب  دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود  جبکہ ناردرن اور بلوچستان کی ٹیمیں (چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ) پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں