ایس این ٹی وی ، پاکستان جنوبی افریقہ سیریز کی جھلکیاں 115 ممالک تک پہنچائے گا

 پی سی بی اور ایس این ٹی وی کے معاہدے میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے اختتام تک توسیع

پیر 25 جنوری 2021 18:27

ایس این ٹی وی ، پاکستان جنوبی افریقہ سیریز کی جھلکیاں 115 ممالک تک پہنچائے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایس این ٹی وی کے درمیان معاہدے میں توسیع کے بعد اب ایس این ٹی وی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین چھبیس جنوری سے شروع ہونے والی سیریز اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا کے 115 ممالک تک پہنچائے گا۔
سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کی پاکستان میں پہلی کرکٹ سیریز ہے۔

سیریز دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے تمام 34 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
اس پارٹنرشپ کے مطابق ایس این ٹی وی ان تمام میچز کی جھلکیاں روزانہ کی بنیاد پر اپنے 1200 سے زائد کلائنٹس کو بھیجے گا۔ایس این ٹی وی کا قیام 1996 میں عمل میں آیا، یہ ایک ورلڈ کلاس اسپورٹس ویڈیو پارٹنر ہے جو کہ مجموعی طور پر 115 سے زائد ممالک میں مسلسل 24 گھنٹے اپنا کنٹنٹ بھیجتا  ہے۔

(جاری ہے)


ایس این ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان شراکت داری گزشتہ سال قائم  ہوئی تھی، جس کے مطابق ایس این ٹی وی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی جھلکیاں دنیا بھر میں موجود اپنے کلائنٹس کو فراہم کی تھیں۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایس این ٹی وی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا بھر میں پہنچائے گا، جس سے ان دونوں ایونٹس کو دنیا بھر میں کوریج ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ شراکت داری میں اس توسیع سے پی سی بی اور ایس این ٹی وی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وسیم خان کا کہنا  کہ جب پاکستان کے انٹرنیشنل میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کی جھلکیاں دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز تک پہنچیں گی تو  اس سے پاکستان کرکٹ کی پروفائل بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سال سےدنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کے تشخص میں اضافہ ہوا ہے، جس کی واضح مثال مختلف ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمدہے۔


انہوں نے کہا کہ غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 نے کیٹالسٹ کا کردار ادا کیا ہے، لیگ میں شریک کھلاڑیوں نے یہاں چھ ہفتے گزارے اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ٹیسٹ پلیئنگ ملک ہے۔
جیمز ڈوب، ایم ڈی ایس این ٹی وی:
ایس این ٹی وی کے ایم ڈی جیمز ڈوب کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدے میں توسیع پر بہت خوش ہیں، اس نئے معاہدے کے تحت اب ہم پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سیریز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے تمام میچز کی جھلکیاں دنیا بھر تک پہنچائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں