بولرکی شاندار کاکرد گی کے بعد پاکستانی بیٹنگ لرکھڑا گئی ،33رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں

اسپنرز کی شانداربولنگ ،جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 220رنز بنا کر آؤٹ ،یاسر شاہ کی 3اور نعمان علی کی 2وکٹیں

منگل 26 جنوری 2021 19:13

بولرکی شاندار کاکرد گی کے بعد پاکستانی بیٹنگ لرکھڑا گئی ،33رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) جنوبی افریقہ کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بولر ز کی شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لرکھڑا گئی ۔مہمان ٹیم کے اسکور 220رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 33بنالیے ۔میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 187رنز کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ اس کی ابھی 6وکٹیں باقی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیم کے کپتان کوئٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا، مہمان ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر تک قومی ٹیم کے بولرز کے سامنے ٹھہر نہ سکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر سب سے زیادہ رنز بناکر نمایاں رہے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 35 فاف ڈوپلیسی 23،ربادا 21، ایڈن میکرم 13، ریسی وینڈرڈوسن 17، کپتان کوئنٹن ڈی کوک 15، تمبا باما 17، کیوش مہاراج صفر پر آٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر جوڑی نے جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ نے 3 جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہوسکا اور اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ بالترتیب 4اور 9رنز بناکر ربادا کا شکار بن گئے ۔

اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتانی کرنے والے بابر اعظم صرف 7رنز پر ہمت ہارگئے اور مہاراج کی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی اپنا کھاتا کھولے بغیر نورجے کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔پہلے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو اظہر علی اور فواد عالم پانچ پانچ رنز بناکر کریز پر موجود تھے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے 2جبکہ مہاراج اور نورجے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چودہ سال بعد کھیلنے والی مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ٹاس کے بعد کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تاریخی ٹیسٹ میچ میں ہمارا بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنیکا پلان تھا، جنوبی افریقہ سخت حریف ہے،پلان کیمطابق کھیلیں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ بڑی ٹیم پاکستان آئی ہے، بہت پرجوش ہیں، اچھا کھیل پیش کرینگے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی سائیڈ کو آسان نہیں لینا چاہیے، میڈیا سے گفتگو میں کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج اسپنر نعمان علی اور عمران بٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دینے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں بیٹنگ کوچ یونس خان نے اوپنر عمران بٹ کو گرین کیپ دے رے ہیں جبکہ اسپنر نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں