مجھے تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیب ملتی ہے،افتخار احمد

پیر 1 مارچ 2021 23:00

مجھے تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیب ملتی ہے،افتخار احمد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) آلراؤنڈر افتخاراحمد نے کہاہے کہ مجھے تنقید سے پریشانی نہیں ، مزید محنت کی ترغیب ملتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔انہوں نیایڈیشن 2018 میں ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی طرف سے ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تاہم اب وہ ایک مرتبہ پھر 2 مرتبہ کی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ (2016،2018) کا حصہ بن گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبا د یونائیٹڈکا دوبارہ حصہ بننا ان کی خواہش بھی تھی اور اب وہ اپنی ٹیم کو چمپئن بنانے کے لیے بھی پر امید ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار احمد کا کہنا ہے کہ انہیں تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیت ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود پر ہونے والی تنقید کو اپنی پرفارمنس سے غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین کا رول گیم کو طول دینا اور اچھے انداز میں فنش کرنا ہوتا ہے، وہ انٹرنیشنل ، ڈومیسٹک یا فرنچائز کس بھی کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔افتخار احمد نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی اچھی کارکردگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنی نظریں اب رواں سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر مرکوز کرلی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2021 میں عمدہ کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں۔افتخار نے 2018میں اسلام یونائیٹڈ کی طرف سے ڈبیو کیا تھا ،اگلے سال انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے چھ میچوں میں 82رنز بنائے،جس میں ایک 44رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی شامل تھی۔رواں ایڈیشن میں مڈل آرڈر بیٹسمین اپنے پہلے میچ میں صرف ایک رن ہی بناسکے تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں