نیشنل ان ڈور آرچری چیمپئن شپ نومبر میں منعقد ہوگی

میگا ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ،منصورشہزاد

پیر 20 ستمبر 2021 21:21

نیشنل ان ڈور آرچری چیمپئن شپ نومبر میں منعقد ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک کے زیر اہتمام نیشنل ان ڈور آرچری چیمپئن شپ نومبر میں کراچی میں منعقد ہوگی جس کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ،پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک سے رجسٹرڈ تیر انداز ہی اس میگا ایونٹ میں شرکت کے اہل ہونگے ۔اس سلسلے میںڈائرکٹر جنرل آرچری پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک منصور شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک نومبر کے پہلے ہفتہ میں آرچری کا نیشنل ان ڈورمیگا ایونٹ منعقد کرنے جا رہی ہے تاکہ ملک بھر کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سینئر،لیڈیز اور جونیئر تیر اندازوں کو بھی نیشنل ایونٹ میں شرکت کا موقع مل سکے،یہ ایک نیشنل رینکنگ ایونٹ ہوگا جس میں تمام کیٹیگریز ٹیم ایونٹ ،مکس ٹیم ایونٹ اور انفرادی رینکنگ مقابلے شامل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میگا ایونٹ میں وہی تیر انداز شرکت کر سکیں گے جو پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک سے رجسٹرڈ ہونگے ،اس ضمن میں ملک بھر سے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ،پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک سندھ کے ڈائرکٹر اور ایشیا سند یافتہ آرچری کوچ حسان عبداللہ اس میگا ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری ہونگے ۔نیشنل چیمپئن شپ میں میزبان سندھ کے علاوہ پنجاب ،بلوچستان ،کے پی کے ،اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے تیر انداز بھی شرکت کریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں