ماں بننے کے بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں ہوتی، بسمہ معروف

اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی نہ بنائی ہوتی تو ماں بننے کے بعد میری واپسی مشکل تھی، انٹرویو

بدھ 26 جنوری 2022 16:10

ماں بننے کے بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں ہوتی، بسمہ معروف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ایک بار پھر نہ صرف میری قومی ٹیم میں واپسی ہوئی بلکہ میں ایک بار پھر کپتانی کر رہی ہوں اس لیے میں بہت پرجوش ہوں اور خوش اس لیے ہوں کہ ماں بننے کے بعد میری واپسی ہوئی ہے۔ ایک انٹرویو میں بسمہ معروف نے کہا کہ ماں بننے کے بعد کھیل کو مناسب نہیں سمجھا جاتا تاہم میں نے کھیل میں واپسی کی ہے اور اب میں لڑکیوں کے لیے انسپائریشن بنوں گی۔

بسمہ معروف نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا میں لڑکیوں کا ماں بننے کے بعد کم بیک مشکل ہوجاتا ہے ، اس میں کئی ایک عوامل ہیں ، ایک فٹنس کو برقرار نہ رکھنا ہے اور دوسرا فیملی کی طرف سے سپورٹ نہ ہونا اور پھر جس فیلڈ میں آپ ہوں وہاں کوئی پیرنٹل پالیسی نہ ہونا ہے تاہم مجھے تینوں چیزیں ملی ہیں اس لیے اب میں رول ماڈل بن کر لڑکیوں کو پیغام دوں گی کہ ماں بننے کے بعد بھی کھیلنا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

بسمہ معروف نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی نہ بنائی ہوتی تو ماں بننے کے بعد میری واپسی مشکل تھی، میرے لیے فیصلہ کرنا بھی بہت مشکل تھا کہ میں کم بیک کر پائوں گی یا نہیں ، لیکن مائوں کے حوالے سے پی سی بی کی پالیسی سے مجھے فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی ، مجھے سپورٹ کیا گیا اور اب پالیسی کے مطابق میں بیٹی کی وجہ سے اپنی والدہ کو ساتھ لے کر جائوں گی تاکہ وہ اسے سنبھال سکیں اور میں کھیل پر فوکس کر سکوں گی۔انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں شادی اور پھر ماں بننے کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے تاہم میں لڑکیوں سے یہی کہوں گی اگر آپ کھیل جاری رکھنا چاہیں تو رکھ سکتی ہیں ، فیملی اور شوہرکا سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے ، اگر آپ کو سپورٹ نہ ملے تو واپسی ناممکن ہوتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں