پی ایس ایل7،پاکستانی بولرز کا سامنا کرنا مشکل چیلنج ہے، جانسن چارلس

ٹورنامنٹ میں بولنگ کا معیار نہایت ہی شاندار ہے اور پاکستانی بولرز کا سامنا کرنا مشکل چیلنج ہے۔

بدھ 26 جنوری 2022 16:15

پی ایس ایل7،پاکستانی بولرز کا سامنا کرنا مشکل چیلنج ہے، جانسن چارلس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم ملتان سلطانز میں شامل ویسٹ انڈیز کے کرکٹر جانسن چارلس نے کہا ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، اس ٹورنامنٹ میں بولنگ کا معیار نہایت ہی شاندار ہے اور پاکستانی بولرز کا سامنا کرنا مشکل چیلنج ہے۔ایک انٹرویو میں تجربہ کار ٹی ٹوئنٹی بیٹر نے کہا کہ وہ ایک بار پھر پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوش ہیں، یہ بہترین لیگز میں سے ایک ہے، اس لیگ کی سب سے خاص بات یہاں پر موجود پاکستانی فاسٹ بولرز کا خزانہ ہے جن کا سامنا کرنا نہایت ہی مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ان بولرز کے سامنے کامیاب ہوگئے تو آپ خود کو اچھے بیٹرز میں شمار کرسکتے ہیں۔33 سالہ کرکٹر نے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں پاکستانی بولرز کیخلاف رنز کرکے اپنی ٹیم کو جتوانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی لیول پر بلند اہداف نہیں رکھتے اور صرف وہی ہی ہدف کا ذہن بناتے ہیں جس کو حاصل کرنا ممکن ہو۔ پی ایس ایل 7میں ہدف پر بات کرتے ہوئے جانسن چارلس نے کہا کہ ہر ٹورنامنٹ کی طرح وہ یہاں بھی زیادہ سے زیادہ رنز کرنا چاہتے ہیں اور کم از کم ایک سنچری ضرور اسکور کرنا ان کا ہدف ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ایک میچ کیلئے کراچی آئے تھے اس بار پوری لیگ کیلئے موجود ہوں گے، اب کی مرتبہ لاہور بھی جائیں گے تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے وہ پاکستان کی خوبصورتی نہیں دیکھ پائیں گے۔انہوںنے کہاکہ وہ پاکستان دیکھنے کی خواہش رکھتے تھے مگر ایسا ممکن نہیں کیوں کہ ہم بائیو سیکیور ببل میں ہیں۔

جانسن چارلس کا کہنا تھا کہ حالات مشکل ہے لیکن پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کیلئے مشکلات سہنا پڑیں گی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے 48 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے کرکٹر نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل میں محدود ہوکر رہنا کسی بھی انسان کیلئے آسان نہیں، بہت سارے کرکٹرز ببل کی تھکان کی وجہ سے ٹورنامنٹس ادھورے چھوڑ رہے ہیں، ان ببلز نے نفسیاتی صحت پر کافی اثر ڈالا ہے کیوں کہ یہ سارا عمل غیر فطری ہے۔

جانسن چارلس نے اپنی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ رضوان ایک شاندار انسان اور زبردست کرکٹر ہیں، ان کو کامیابیاں سمیٹتاں دیکھ کر کافی خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رضوان کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ محنت کا پھل کیسے ملتا ہے، امید ہے کہ وہ ایسے ہی اسکورز کرتا رہے۔پاکستانی فینز کے نام اپنے پیغام میں ویسٹ انڈین کرکٹر نے کہا کہ ’میں آپ کے ملک میں آکر کافی اچھا محسوس کررہا ہوں، پی ایس ایل زبردست ٹورنامنٹ ہے، اس لیگ کو سب سپورٹ کریں کیوں کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ یہ لیگ کامیابی سے جاری رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں