پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا

جمعرات 27 جنوری 2022 17:22

پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا۔ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق جمعرات سے شروع ہونیوالے پی ایس ایل7 کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔مجموعی طورپر 5650 پولیس اہلکارسیکیورٹی پر تعینات ہوں گے، ایس ایس یو کی1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کی1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کی500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250اہلکار، سندھ رینجرزکے جوان اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گرائونڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے کمانڈ اینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔جدید تربیت یافتہ اورجدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوزپرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیواے ٹی) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یوہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں، شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں