کراچی، گرد آلود ہوا، حدِ نگاہ متاثر، آئندہ چند دنوں میں شدید سردی کی پیشگوئی

شہر قائد میں چلنے والی تیز ہوائوں کا جھکڑ ایک اور شخص کی جان لے گیا، جس کے بعد گزشتہ روز سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

ہفتہ 22 جنوری 2022 15:27

کراچی، گرد آلود ہوا، حدِ نگاہ متاثر، آئندہ چند دنوں میں شدید سردی کی پیشگوئی
ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) شہر کراچی میں گزشتہ روز سے چلنے والی تیز گرد آلود ہوائوں کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی ہے،ہفتہ کی صبح ایئر پورٹ کے قریب حدِ نگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید سردی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہرِ قائد میں سردی کی موجودہ لہر مزید 5 روز رہے گی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا ایک کم دبائو پنجاب، کشمیر اور دیگر علاقوں میں موجود ہے، یہ ہوا کا کم دبائو بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہوا کا ایک زائد دبائو(ہائی پریشر ایریا)بلوچستان میں موجود ہے، ہوا کے ان دونوں دبائوکے باعث تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں چلنے والی تیز ہواوں کی سمت شمال مغرب ہونے کے باعث یہ سرد ہو گئی ہیں۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا ہے کہ شہرِ قائد کراچی 27 جنوری تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے کہاکہ اس دوران شہرِ قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 9 ڈگری تک ہوسکتا ہے، کسی دن درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گر سکتا ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں چلنے والی تیز ہوائوں کا جھکڑ ایک اور شخص کی جان لے گیا، جس کے بعد گزشتہ روز سے اب تک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔دھوراجی کالونی میں فٹ پاتھ پرسونے والا شخص بلاک لگنے سے جاں بحق ہوگیا ، ،ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق تیزہواکی وجہ سے بلاک گرا ، جو ایک شخص کے چہرے پر لگا۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا جاں بحق شخص نشے کاعادی تھا، لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں