کرک میں جماعت اسلامی نے آزاد امیدوار جاوید خٹک کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیر 2 جولائی 2018 22:00

کرک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) کرک میں مذہبی جماعتوں کے اتحاد مجلس عمل کو بڑا دھچکا رسید کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے راہیں جدا کر لی اور آزاد امیدوار جاوید خٹک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جاوید خٹک کے مرکزی الیکشن آفس میٹھا خیل میں منعقدہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران نائب ضلعی امراء حکیم بادشاہ ،مفتی امتیاز ، صوبائی نائب صدر جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا اعجاز اللہ خٹک ، تحصیل کونسلر و ناظم انتخابات جماعت اسلامی کرک مولانا محبوب جانان ، جنرل سیکرٹری الخدمت فائونڈیشن ظفر علی ، حاجی زاہد اقبال امیر جماعت اسلامی یونین کونسل نری پنوس، فضل قادر ایڈووکیٹ امیر یونین کونسل ٹیری ، حاجی محمد حسین امیر جماعت اسلامی گرگری ، مولاناطارق عثمان امیر جماعت اسلامی عیسک چونترہ اوردیگرعہدیداروں نے خود شرکت کرکے نہ صرف متحدہ مجلس عمل سے بغاوت کی بلکہ حلقہ PK85کے آزاد امیدوار جاوید خٹک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے نائب ضلعی امیر جماعت اسلامی وسابق ناظم حکیم بادشاہ خٹک نے کہا کہ ایم ایم اے پانچ دینی جماعتوں کا ملک گیر اتحاد ہے اور پاکستانی عوام کو اس اتحاد سے امیدیں وابستہ ہیں مگر بدقسمتی سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع اور قبائلی علاقوں کی طرح کرک میں بھی اس بابرکت اتحاد کو جمعیت علماء اسلام(ف) سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعلیٰ اکرم درانی کے سیاسی عزائم کے بھینٹ چڑھایا گیا اور قائد جمعیت مولانافضل الرحمان بھی ان سازشوں کا شکار ہو ئے انہوںنے واضح کیا کرک سے ایم ایم اے کے پارلیمانی بورڈ نے ایک قومی اور دو صوبائی نشستوں کی ٹکٹس کیلئے سفارشات مرتب کیں اور حلقہ PK85سے بورڈ نے جاوید خٹک اور کرنل (ر) محمد خان میں سے کسی ایک کو ٹکٹ دینے کی سفارش کی تھی صوبائی پارلیمانی بورڈ نے بھی ہمارے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے مرکزی پارلیمانی بورڈ کو یہی سفارشات ارسال کیئے اور فارمولے کے تحت ٹکٹ ان دو میں سے کسی ایک کا حق تھا مگر سابق وزیر اعلیٰ اکرم درانی نے سازش کے تحت ان دونوں امیدواروں کو ٹکٹ سے محروم کر دیا اور مولانا فضل الرحمان کے ذریعے ٹکٹ میاں نثار گل کے نام جاری کروایا ان کا مزید کہنا تھا کہ مبینہ طور پر اکرم درانی نے کرک کی تیل و گیس رائلٹی کی خطیر رقم بنوں پر خرچ کروانے کے سودے کے عوض اپنے ذاتی دوست میاں نثار گل کو ٹکٹ دلوایا ہے انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی اضلاع میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 28سیٹوں میں سے جماعت اسلامی کو صرف ایک ٹکٹ جاری کیا گیا اور ہمارے پارٹی قائدین نے بار بار یہ توجہ دلائی کہ غیر منصفانہ تقسیم سے جنوبی اضلاع کی سطح پر ایم ایم اے غیر موثر ہو کر رہ جائیگی لیکن جمعیت کے قائدین نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دلائی انہوںنے مزید کہا کہ حلقہ 85کا ٹکٹ ایسے امیدوار کو جاری کیا گیا جس نے ہمیشہ علاقائی تعصب اور نفرتوں کی سیاست کی ایم ایم اے کی سابق حکومت اور اپنے دور اقتدار میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ دیگر امیدواروں کے مقابلے میں جاوید خٹک کا دامن پاک ہے اور ان پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں فرید طوفان اور میاں نثار آزمودہ سیاست دان ہیں اور کرک کے مسائل حل کرنے میں یہ دونوں ناکام ہو چکے ہیں انہوںنے مزید کہا کہ ہم نہ صرف جاوید خٹک کی حمایت کرینگے بلکہ ان کے حق میں کھل کر انتخابی مہم چلائینگے اور کرک کی رائلٹی کا سودا کرنے کے عوض ایم ایم اے کا ٹکٹ لین والے میاں نثار کا راستہ روک کر جاوید خٹک کی صورت میں حلقہ 85کیلئے نئی قیادت دینے میں اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کرینگے ۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں