سپورٹس ڈیسک

عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں‘کمار سنگاکارا کبھی ایسا نہیں سوچا ‘نہ ہی ایسا کبھی ہوگا‘سابق کپتان

منگل 14 اگست 2018 15:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے کہا ہے کہ سیاست میں آکر عمران خان بننے کا کوئی ارادہ نہیں‘تمام افواہوں اور قیاس آرائی کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کرتا ہوں کہ سیاسی عہدہ رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے مقامی میڈیا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آکر عمران خان بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے،میں تمام افواہوں اور قیاس آرائی کو مسترد کرتا ہوں اور تصدیق کرتا ہوں کہ سیاسی عہدہ رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے‘کبھی ایسا نہیں سوچا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے میڈیا میں ان کا موازنہ عمران خان سے کیا جارہا تھا جو پاکستان کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کے نامزد وزیراعظم ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا میں اگلے سال صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں تاہم حکومتی اور اپوزیشن دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔سری لنکا کو 1996 ئ میں کرکٹ کا ورلڈ چمپئن بنوانے والے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا موجودہ حکومت میں وزیر ہیں اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا بھی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد ہی نائب وزیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

کمارسنگاکارا کو سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سنگاکارا نے 11 ڈبل سنچریوں کی مدد سے 12 ہزار 400 اور ون ڈے کرکٹ میں 90 نصف سنچریوں اور 25 سنچریوں کی مدد سے 14 ہزار234 رنز بنائے اور اگست 2015 ئ میںانٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔سنگاکارا کی قیادت میں سری لنکن ٹیم نے 2011 ئ کے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کی تھی مگر بھارت سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سنگاکارا کو بہترین کارکردگی پر دنیائے کرکٹ کا عظیم کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں