کرک پولیس اور اشتہاریوں کے مابین فائرنگ کاتبادلہ ،قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری مجرم ہلاک

پیر 6 ستمبر 2021 22:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) کرک پولیس اور اشتہاریوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری مجرم ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مخبر کی اطلاع پر پولیس تھانہ صابر آباد کے ایس ایچ او قابل خان نے پولیس نفری اور ریسکیو 15 اہلکاروں کے ہمراہ ڈی ایس پی صنوبر خان کی قیادت میں علاقہ منگر خیل میں مجرم اشتہاری محمد رحمن کی گرفتاری کیلئے اس کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جہاں اشتہاری مجرم نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت پولیس کو دیکھتے ہی پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کی جس پر پولیس نے بھی اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق شدید مزاحمت کے بعد مجرم اشتہاری محمد رحمن ولد اسلام بادشاہ سکنہ منگر خیل فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ اشتہاری کے دیگر ساتھی پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے جاں بحق اشتہاری کے کلاشنکوف اور ایمونیشن کو قبضہ میں کرتے ہوئے لاش کو قانونی چارہ جوئی کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدہ مجرم اشتہاری کرک پولیس کو قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملے اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں