کرک، گرگری کے دو اقوام کا تنازعہ کھلی کچہری میں جرگہ کے ذریعے حل -‘دو اقوام کے افراد آپس میں بغل گیر

ہفتہ 19 جنوری 2019 21:53

کرک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) تفصیلات کے مطابق تحصیل بانڈہ دائود شاہ کے علاقہ گرگری میں دو اقوام اوربشی اور گرگری کے مابین جنگلات پہاڑپر پچھلے کچھ ہفتوں سے تنازعہ چلا آرہا تھا۔دونوں اقوام کے مابین سوشل بائیکاٹ کااعلان بھی ہوا تھا۔ دونوں اقوام کے درمیان تنازعہ خون ریز تصادم کی طرف بڑھنے کا اندیشہ تھا۔ جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک نوشیر خان مہمند ‘ ڈپٹی کمشنر کرک عابد اللہ خان ‘مولانا شاہ عبدالعزیز ‘ڈی ایس پی اشرف خان ‘ایس ایچ او تھانہ گرگری ظفر علی گرگری اقوام کے مابین جاری تنازعے میںذاتی دلچسپی لے کرمعاملے کے حل میں اہم کرادار ادا کیا۔

تھانہ گرگری میں دونوں اقوام کے مسئلے کے حل کیلئے منعقدہ تقریب کے دوران کھلی کچہری میں جرگہ کے ذریعے جنگلات پہاڑ کا تنازعہ دونوں فریقین کی باہمی رضا مندی سے حل کروا کر جرگہ کا فیصلہ تحریری طورپر ریکارڈکرکے عمائدین کو سنایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس افسران اور مشران کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے علاقے کے مکینوں اور باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

دونوں اقوام نے متفقہ طور پر صلح میں کردار ادا کرنے پر ڈی پی او کر ک ‘ پولیس افسران اور مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا۔ اور کرک پولیس صحیح معنوں میں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔ تقریب کے بعد ڈی پی او کر نوشیر خان مہمند نے تھانہ گرگری کے سیکورٹی کا معائنہ کیا۔ جبکہ ڈی پی او کرک نے تھانہ کا ریکارڈ چیک کرکے ایس ایچ او تھانہ گرگری اور محرر کو مناسب ہدایات جاری کئے ۔ جبکہ تقریب کے آخر میں ڈی پی او کرک نے گرین پاکستان مہم کے تحت پودا لگایا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں