کرک پولیس نے کراچی سے آئی تبلیغی جماعت کے ارکان کو لوٹنے والے مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتاکرلیا

بدھ 22 مئی 2019 21:17

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) کرک پولیس نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مقامی مسجد میں کراچی سے آئی تبلیغی جماعت کے ارکان سے قیمتی موبائل فونز اور ہزاروں روپے لوٹنے والے مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتارکرکے ملزم کے قبضہ سے پانچ موبائل فونز اور ہزاروں روپے نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کردیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم سے تفتیش جاری ہے جس کے بعد مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کرک میں اپنی نوعیت کایہ انوکھا واقعہ تقریباًایک ہفتہ قبل رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں رونما ہوا تھا جہاں تخت نصرتی کے علاقہ المدینہ کالونی کی مقامی مسجد میں کراچی سے آئی تبلیغی جماعت قیام پذیر تھی کہ نامعلوم چوروں نے تبلیغی جماعت کے ارکان کو رات کی تاریکی میں لوٹ کر اٴْن سے مبینہ طورپر کئی قیمتی موبائل فونز اور پچاس ہزار روپے سے زائد رقم چوری کئے تھے۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے جدید ساسئنسی خطوط پر تفتیش شروع کردی اور چوری میں ملوث مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی تخت نصرتی ساجد ممتازکے مطابق مقامی پولیس نے چوری کی اس انوکھی واردات میں ملوث ایک اہم ملزم کو پکڑا ہے جس کے قبضہ سے تبلیغی جماعت کے موبائل فونز اور ہزاروں روپے نقدی برآمد کئے جاچکے ہیں تاہم اٴْنہوں نے ملزم کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کا نام اور شناخت فی الحال صیغہ راز میں ہیں جو تفتیش مکمل ہونے کے بعد پوری معلومات کے ساتھ میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں