کرک ،پولیس نے قتل ، اقدام قتل میں مطلوب پیٹی بندبھائی و سابق پولیس افسر کو پنجاب سے گرفتار کرکے کرک منتقل کردیا

بدھ 28 اگست 2019 23:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2019ء) کرک پولیس نے قتل اور اقدام قتل میں انتہائی مطلوب اپنے ہی پیٹی بندبھائی اور سابق پولیس افسر کو صوبہ پنجاب سے گرفتار کرکے کرک منتقل کردیا۔کرک پولیس کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ نوشیر خان مہمند نے ہٹ لسٹ میں شامل اور قتل و اقدام قتل میں انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم علیم خان کی گرفتاری کے لئے پولیس تھانہ لتمبر آصف شریف کی سربراہی میںخصوصی ٹیم تشکیل دے دی جنہوں نے جدید سائنسی طریقے سے ملزم کی لوکیشن معلوم کردی اور چھاپہ مارکر مبینہ ملزم کو صوبہ پنجاب سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مجرم اشتہاری علیم خان ولد میرصاحب خان سکنہ محبتی کلہ لتمبر(کرک) پولیس تھانہ یعقوب خان شہید میں سال 2017 میں قتل اور اقدام قتل کے ایک مقدمہ میںنامزد تھا جو اپنی گرفتاری کے خوف سے کرک سے باہر جاکر ٹھکانے بدلتا رہتا تھا لیکن بالآخر پولیس نے دھر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ا شتہاری علیم خان سابقہ پولیس افسر اور کوہاٹ کے کئی تھانوں میں ایس ایچ او کے عہدے پر تعینات رہ چکا ہے۔

کرک پولیس نے قتل اور اقدام قتل میں مبینہ طورپر ملوث و مطلوب اشتہاری اوراپنے ہی پولیس افسر کو آخرکار گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا۔ دریں اثناء پولیس تھانہ کرک کے ایس ایچ او نے ایک گینگ کو بے نقاب کرکے چوری‘ ڈکیٹی اور موبائل فون پر بلیک میلنگ کرنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق زیرحراست دونوںمبینہ ملزمان عبدالصمد اور افتخار ساکنان طورڈھنڈ کرک موبائل فون پر بلیک میلنگ‘ چوری اور ڈکیٹی کی متعددوارداتوں میں ملوث تھے ۔ پولیس نے تفتیش شروع کرکے مزید اہم انکشافات کی توقع ظاہرکی ہے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں