کرک پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مہم جاری

پولیس مقابلہ میں قتل و اقدام قتل میں ملوث ایک زخمی ملزم سمیت دو اشتہاری ملزموں گرفتار،اسلحہ برآمد

اتوار 24 جولائی 2022 20:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2022ء) کرک پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم اور بھرپور آپریشن کے دوران پولیس مقابلہ میں قتل و اقدام قتل میں ملوث ایک زخمی ملزم سمیت دو اشتہاری ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔دونوں اشتہاری ملزم پچھلے سات سالوں سے پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک شفیع اللہ خان گنڈا پور کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ قتل ‘اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب دو اشتہاری اپنے خفیہ ٹھکانے پر موجود ہیں جن کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی عرفان خان، ڈی ایس پی نذیر خان، سیکورٹی انچارج رحمان اللہ، ایس ایچ او امیر سلطان، ریسکیو 15 پر مشتمل پولیس کی بھاری نفری نے پولیس تھانہ بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے بوژہ بانڈہ میں اشتہاریوں کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ لگایا۔

(جاری ہے)

اشتہاری ملزموں نے قانون کے سامنے سرنڈر کرنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کرکے پولیس کیساتھ مزاحمت اور مقابلہ شروع کیا۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے طویل مقابلے کے بعد اشتہاریوں کوقابو کرکے دونوں اشتہاری ملزموں محمد اللہ اور اجمل خان ساکنان بوژہ بانڈہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقابلہ کے دوران ایک اشتہاری زخمی بھی ہوا ہے۔

پولیس نے زیرحراست ملزموں کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف، ایک پستول، پانچ مختلف میگزین اور 10 کارتوس بھی برآمد کر لئے ہیں۔ گرفتار دونوں مجرمان اشتہاری پولیس کو قتل اقدام قتل کے مقدمہ میں پچھلے سات سالوں سے مطلوب تھے جنہوں نے پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے بوژہ کے پہاڑی علاقے میں اپنا خفیہ ٹھکانہ اور زیر زمین بنکر اور تہہ خانہ بھی بنا رکھا تھا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں