زمبابوے کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20سیریز ، جنوبی افریقہ کی الگ الگ ٹیموں کا اعلان

کپتان فاف ڈیو پلیسی انجریز کے باوجود دونوں سکواڈ میں شامل ، ڈیل سٹین بھی شامل

ہفتہ 15 ستمبر 2018 20:50

زمبابوے کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20سیریز ، جنوبی افریقہ کی الگ الگ ٹیموں کا اعلان
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2018ء) کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے الگ الگ ٹیموں کو اعلان کر دیا اور اسٹار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی تقریباً دو برس بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز رواں ماہ 30ستمبر سے کھیلی جائے گی جس کے لیے جنوبی افریقی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں ایک عرصے سے انجری کا شکار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کو بھی شامل کیا گیا جنہوں نے آخری مرتبہ اکتوبر 2016 میں ایک روزہ میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ٹیم کے کپتان فاف ڈیو پلیسی کو انجری مسائل کے باوجود دونوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی، اگر وہ سیریز کے لیے دستیاب نہ ہو سکے تو ان کی جگہ متبادل کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ اسپنر عمران طاہر کی بھی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جنہیں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا تھا اور عمران کی واپسی کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کے پاس چار اسپنرز کو کھلانے کا آپشن ہو گا۔ڈیوڈ ملر اور کوئنٹن ڈی کوک کو حیران کن طور پر ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے لیکن یہ فیصلہ ممکنہ طور پر انہیں آرام کرانے کے لیے کیا گیا ہے البتہ دونوں کھلاڑی ٹی20 سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ کپتان ڈیوپلیسی، ہاشم آملا، جین پال ڈومینی، ریزا ہینڈرکس، عمران طاہر، کرسٹیان جونکر، ہینرچ کلاسن، کیشپ مہاراج، ایڈن مرکرم، ویان ملڈر، لنگی نگیدی، اینڈائل فلکوایو، کگیسو ربادا، تبریز شمسی، ڈیل اسٹین اور خایا زونڈو پر مشتمل ہے۔ٹی20 سکواڈ میں کپتان ڈیوپلیسی، جونیئر ڈالا، کوئنٹن ڈی کوک، جین پال ڈومینی، روبی فرائی لنک، عمران طاہر، کرسٹیان جونکر، ہنری کلاسن، ڈیوڈ ملر، لنگی نگیدی، ڈین پیٹرسن، اینڈائل فلکوایو، تبریز شمسی، راسی وانڈر ڈوسن اور کلوئٹے شامل ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں