کرکٹ ٹیم انتظامیہ کا سینئر بیٹسمینوں اسد شفیق اور اظہر علی کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ

جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ،ْذرائع

منگل 1 جنوری 2019 23:47

کرکٹ ٹیم انتظامیہ کا سینئر بیٹسمینوں اسد شفیق اور اظہر علی کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ
کیپ ٹائون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود سینئر بیٹسمینوں اسد شفیق اور اظہر علی کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسد شفیق کیپ ٹائون ٹیسٹ میں 2013میں سنچری بنا چکے ہیں، موجودہ ٹیم میں اسد شفیق واحد بیٹسمین ہیں جنہیں جنوبی افریقہ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

کپتان سرفراز احمد پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے ،ْ اسد شفیق اور اظہر علی غیر ذمے داری سے آئوٹ ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، سینئر بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی کو غیر ذمے دارانہ اور مایوس کن بیٹنگ کے باوجود ایک اور موقع دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران بیٹنگ کی خراب کارکردگی کے بعد مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور اظہر علی کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا تھا۔ سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی، میچ کے دوسرے دن سرفراز احمد اور اظہر علی صفر اور اسد شفیق 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

پاکستان ٹیم نے کیپ ٹائون پہنچنے کے بعد نیو لینڈز میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق کندھے کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر محمد عباس فٹ ہوگئے ہیں اور وہ یقینی طور پر ٹیسٹ میچ میں حصہ لیں گے۔اگر پاکستانی ٹیم 4 فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اتری تو عباس اور یاسر شاہ کی جگہ کھیلیں گے۔ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان 3 فاسٹ بولروں محمد عامر، شاہین شاہ ا?فریدی اور محمد عباس کے ساتھ میدان میں اترے گی جب کہ یاسر شاہ واحد اسپنر ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان کریں گے ،ْ شان مسعود نمبر 3 پر کھیلیں گے، مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق حارث سہیل ابھی تک گھٹنے کی تکلیف سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اس لیے وہ ابھی آرام کریں گے، لیگ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں لیکن یاسر شاہ کو ٹیسٹ میچ میں ان پر فوقیت دی جائے گی۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں