ٹیکس استثنی کا معاملہ، بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی کوآنکھیں دکھانے لگا

ہمارے ملک میں شیڈول ایونٹس کہیں اور منتقل کرنا ہیں تو کردیں: سینئر آفیشل بی سی سی آئی

بدھ 6 مارچ 2019 19:26

ٹیکس استثنی کا معاملہ، بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی کوآنکھیں دکھانے لگا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2019ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیکس استثنی کے معاملے پر بھی آئی سی سی کو آنکھیں دکھانا شروع کردیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی حالیہ میٹنگ میں بھارت سے کہا گیا تھا کہ وہ 2021 میں شیڈول ٹونٹی 20 ورلڈ کپ اور 2023کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اپنی حکومت سے ٹیکس استثنی حاصل کرے یا پھر عائد ہونے والا ٹیکس خود ادا کرے جس پر بی سی سی آئی کے ایک سینئر آفیشل نے سامنے آئے بغیر کہا کہ اگر ان کو ہمارے ملک میں شیڈول ایونٹس کہیں اور منتقل کرنا ہیں تو کردیں، اس صورت میں ہم اس سے اپنا ریونیو ہٹا لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کون نقصان میں رہتا ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ ہم صرف وہی کریں گے جوہمارا ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور وزارت کہے گی، آئی سی سی اگر سختی سے کام لیتی ہے تو پھر اس کو جواب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے، ہم کسی بھی قسم کا بیرونی دباو قبول نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016کے دوران ٹیکسز کی مد میں کاٹے گئے 23ملین ڈالرز(تقریبا160کروڑ بھارتی روپی) ادا نہ کیے تو اسے ورلڈ کپ2023کی میزبانی سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے، سابق صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر کی سربراہی میں کرکٹ کو عالمی سطح پر چلانیوالی گورننگ باڈی بھارتی کرکٹ بورڈ سے 2016میں وفاقی اور ریاستی سطح پر کاٹے گئے ٹیکسز کی رقم کی واپسی چاہتی تھی اور آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو اس سلسلے میں یاددہانی بھی کرائی تھی۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں