ریونیو جمع کرنے والے محکمے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فنڈز میں اضافے پر توجہ دیں،لئیق احمد

منگل 20 اپریل 2021 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ریونیو جمع کرنے والے محکمے روایتی طریقے چھوڑ کر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فنڈز میں اضافے پر توجہ دیں، مالیاتی بہتری کے لئے جو بھی ممکن ہے کیا جائے، آئندہ ایک سال کے لئے آمدنی، اخراجات اور منصوبوں کا تعین کرکے کے ایم سی کے بنیادی فرائض کی انجام دہی کو موثر اور دوررس بنایا جائے، کے ایم سی کی مالیاتی ضروریات اور بہتری کی تجاویز حکومت سندھ کو بھیجی جارہی ہیں، یہ بات انہوں نے ریونیو سے متعلق محکموں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، مشیر مالیات غلام مرتضیٰ بھٹو، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، مختلف محکموں کے سربراہان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ لی اور ان کی مالیاتی اور انتظامی ضروریات اور ریونیو اہداف کے حصول کے متعلق تفصیلات معلوم کیں، انہوں نے کہا کہ ریونیو جمع کرنے والے محکمے نئے منصوبے تیار کریں تاکہ ادارے کی مالی ضروریات کو پورا کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے طویل مدتی پلان بنایا جائے کہ شہر میں کے ایم سی کے مینڈیٹ کے مطابق کیا کام کرنے ہیں اور ان کے لئے کتنے مالی وسائل درکار ہوں گے، موجودہ اور آئندہ کی ضروریات کے مطابق ممکنہ شارٹ فال کو بھی پیش نظر رکھنا ہے تاکہ حقیقی صورتحال سامنے آسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کے 14 لاکھ رجسٹرڈ صارفین کو بلوں کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے اور ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس سے بل کی ادائیگی آسان تر ہو اور بل ادا کرنے والے صارفین کی حوصلہ افزائی ہو، انہوں نے کہا کہ محکمہ کچی آبادی ، لینڈ ڈپارٹمنٹ، پی ڈی اورنگی کے ایم سی کی پراپرٹی کی حفاظت کے ساتھ ان کا مکمل ڈیٹا مرتب کریں، نئی مارکیٹوں کے قیام کے لئے تجاویز دیں، محکمہ پارکس کی بریفنگ کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی میں ایک بھی عالمی معیار کی تفریحی سہولت دستیاب نہیں جسے فخریہ انداز میں بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کے سامنے پیش کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ سفاری کی سو ایکڑ زمین پر کوئی اعلیٰ معیار کا تفریحی منصوبہ تیار کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ ڈینگی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے جراثیم کش اسپرے مہم مسلسل چلانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو وبائی امراض سے تحفظ فراہم کیا جاسکے، انہوں نے مختلف محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ جلد از جلد اپنے شعبوں کے متعلق تجاویز اور پلان پیش کریں تاکہ انہیں کیبنٹ کی متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ کسی بھی ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے ریونیو کے ذرائع کا موثر اور بھرپور استعمال ضروری ہے ، یہ ادارے کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں، حالیہ عرصے کے دوران بہتر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کے ذریعے ریونیو کی وصولی بہتر ہوئی ہے اور تنخواہوں کا شارٹ فال بڑی حد تک دور ہوگیا ہے تاہم اب بھی اس جانب مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے، ہمیں آمدنی اور اخراجات کے درمیان توازن رکھنا ہے اور اس طرح حاصل ہونے والے مالی استحکام کو پائیدار شکل دینی ہے، موجودہ صورتحال کا جائزہ اور مستقبل کی پلاننگ ساتھ ساتھ چلنی چاہئے، یہ دیکھنا ہوگا کہ کس محکمے کی کیا ضروریات ہیں اور انہیں کس طرح پورا کیا جاسکتا ہے، انہوں نے افسران سے کہا کہ مالیاتی صورتحال کی بہتری کے لئے دی گئیں ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور جہاں بھی کوئی رکاوٹ ہو اسے بروقت اقدامات کرکے دور کیا جائے، ہمارا اولین مقصد کے ایم سی کو مالی لحاظ سے مستحکم ادارہ بنانا ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

# ۔

متعلقہ عنوان :

کاریاں والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں