دہشتگرد تنظیموں کے 20 فراریوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کردیا

فراریوں کاقومی دھارے میں شامل ہوکر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچستان لیبریشن آرمی اور بلوچستان ری پبلک آرمی سے ہے، ایس ایس پی کشمور

ہفتہ 7 ستمبر 2019 16:45

کشمور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2019ء) دہشتگرد تنظیموں کے 20 فراریوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کردیا اور قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم کیا، قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچستان لیبریشن آرمی اور بلوچستان ری پبلک آرمی سے تھا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 20فراریوں نے ہتھیار ڈالے ہیں اور خود کو قانون کے حوالے کرکے قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

ان دہشتگردوں کا تعلق بلوچستان لیبریشن آرمی، بلوچستان رپبلک آرمی سے ہے، ان کے خلاف ضلع کشمور اور بلوچستان کے مختلف تھانوں میں دہشتگردی کے مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

ہتھیار ڈالنے والوں میں مہران بگٹی، علی حسن بگٹی، غلام عباس بگٹی، سہاگ گل بگٹی، قہر خان بگٹی، دودو خان بگٹی، بوجا عیدن، عبدالرحمن بگٹی، ذاکر حسین بگٹی، عیسی خان بگٹی، کرم اللہ بگٹی، شاہ علی بگٹی، تاجو رند، ملک زار بگٹی سمیت 20 فراری شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے سرینڈر برائے انصاف پالیسی شروع کی گئی ہے، جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، اس پالیسی کے تحت جو بھی دہشتگرد یا جرائم پیشہ افراد خود کو قانون کے حوالے کرتا ہے اس کی ہر ممکن طریقے سے قانونی مدد کی جاتی ہے۔ اگر کوئی شخص غریب ہے تو اس کی شورٹی بانڈ بھی عدالت سے کم کراتے ہیں اور اس کی بھرپور قانونی معاونت کی جاتی ہے، اسی پالیسی سے متاثر ہوکر ان دہشتگردوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں نے اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت، ترقی، خوشحالی کے لئے استعمال کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں