کوویڈ 19کے فرائض کے لئے تعینات ڈاکٹر نے کئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر دل برداشتہ ہوکر موت کو گلے لگا لیا

جمعرات 22 اپریل 2021 23:31

کشمور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2021ء) جان بچانے والے نے خود ہی اپنی جان لے لی ! ضلع کشمور میں کوویڈ 19کے فرائض کے لئے تعینات ڈاکٹر نے کئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر دل برداشتہ ہوکر موت کو گلے لگا لیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ایپیڈیمیک ایکٹ کے تحت گذشتہ سال کوویڈ کیخلاف خدمات سر انجام دینے والے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی تنخواہوں کے معاملے پر نظر ثانی کی جائے۔

خودکشی کرنے والے ڈاکٹر قادر نواز جکھرانی کو کشمور کے ہیڈ کوارٹر اسپتال میں تعینات کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق کورونا ڈیوٹی پر مامور ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سے تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا تاہم پچھلے کئی سے محکمہ صحت تنخواہیں دینے سے انکاری تھا۔ڈاکٹر قادر نواز جکھرانی گھر کے واحد کفیل اور تین بچوں کے باپ تھے، سندھ حکومت نے پینڈیمک ایکٹ کے تحت 11سو ڈاکٹرز اور 6سو نرسز کو بھرتی کیا تھا۔

(جاری ہے)

ضلع کشمور میں مالی مسائل سے تنگ آکر ڈاکٹر کی خودکشی کا معاملہ آخر ہے کیا اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے رہنما ڈاکٹر محبوب نے بتایا کہ کراچی حیدرآباد جیکب آباد اور دیگر اضلاع میں ڈاکٹروں کو کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی جس کے سبب ان کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ ڈاکٹرز ایسے بھی ہیں جن کی ایکسٹینشن ہوچکی ہے لیکن کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے وہ بھی ماہانہ تنخواہ سے محروم ہیں۔ یہی وجہ ہے ان ہی حالات میں ڈاکٹر قادر نواز جکھرانی کو انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں