کاشتکاروں کو بہترپیداوار کیلئے فصل کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت

ہفتہ 17 نومبر 2018 13:03

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) ماہرین زراعت نے چنے کی فصل کی چھدرائی کے دوران اضافی پودے نکالنے اور قطاروں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ6انچ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فی ایکڑبہترپیداوار کے حصول کیلئے فصل کی نہ صرف مناسب دیکھ بھال یقینی بنائیں ، فصل اگنے کے 10 سی15دن کے اندر اس کی چھدرائی بھی ضرور کریں ،انہوں نے کہا کہ چنے کی فصل کو پانی کی کم ضرورت ہوتی ہے لہذاآبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں پھول آنے پر اگر فصل سوکا محسوس کرے تو اسے ہلکاپانی لگادیاجائے ‘کابلی چنے کیلئے پہلاپانی کاشت کے 45دن بعد جبکہ دوسرا پانی فصل پر پھول آنے پر دیاجاناضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ چونکہ جڑی بوٹیاں دوسری فصلات کی طرح چنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں لہذاان کی تلفی بذریعہ گوڈی فصل اگنے کے 30 سے 40دن کے اندر ضرور کردیں جبکہ دوسری گوڈی 70سے 80دن میں کی جائے تاکہ دوبارہ اگنے والی جڑی بوٹیاں تلف ہوجائیں،انہوں نے کہا کہ گوڈی کرنے سے جڑی بوٹیاں بھی تلف ہوجائیں گی اور کھیت میں ملچ قائم ہونے سے زمین میں نمی بھی دیر تک برقرار رہے گی،انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں پر پھول آنے سے پہلے ہی ان کو بذریعہ گوڈی تلف کردیناچاہئیے کیونکہ چنے کی فصل پر کاشت سے لیکر پکنے تک بہت سی بیماریاں حملہ آورہوتی ہیں جن میں چنے کا جھلسائو ‘چنے کا سوکایامرجھائو اور چنے کی جڑکی سڑن زیادہ اہم ہیں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں