چنے کی فصل کی چھدرائی کے دوران اضافی پودے نکالنے کی ہدایت

منگل 19 نومبر 2019 17:11

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) ترجمان محکمہ زراعت نے چنے کی فصل کی چھدرائی کے دوران اضافی پودے نکالنے اور قطاروں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ6انچ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فی ایکڑبہترپیداوار کے حصول کیلئے فصل کی نہ صرف مناسب دیکھ بھال یقینی بنائیں بلکہ فصل اگنے کے 10 سی15دن کے اندر اس کی چھدرائی بھی ضرور کریں ۔

انہوں نے بتایا کہ فصل اگنے کے موقع پر اگر زمین میں نمی کم ہو تو چھدرائی کا عمل ذرا تاخیر سے کیاجائے کیونکہ ایسی صورت میں فصل پر سوکھے کی بیماری حملہ آور ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چنے کی فصل کو پانی کی کم ضرورت ہوتی ہے لہذاآبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں پھول آنے پر اگر فصل سوکا محسوس کرے تو اسے ہلکاپانی لگادیاجائے ‘کابلی چنے کیلئے پہلاپانی کاشت کے 45دن بعد جبکہ دوسرا پانی فصل پر پھول آنے پر دیاجاناضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چونکہ جڑی بوٹیاں دوسری فصلات کی طرح چنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں لہذاان کی تلفی بذریعہ گوڈی فصل اگنے کے 30 سے 40دن کے اندر ضرور کردیں جبکہ دوسری گوڈی 70سے 80دن میں کی جائے تاکہ دوبارہ اگنے والی جڑی بوٹیاں تلف ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ گوڈی کرنے سے جڑی بوٹیاں بھی تلف ہوجائیں گی اور کھیت میں ملچ قائم ہونے سے زمین میں نمی بھی دیر تک برقرار رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں پر پھول آنے سے پہلے ہی ان کو بذریعہ گوڈی تلف کردیناچاہئیے کیونکہ چنے کی فصل پر کاشت سے لیکر پکنے تک بہت سی بیماریاں حملہ آورہوتی ہیں جن میں چنے کا جھلسائو ‘چنے کا سوکایامرجھائو اور چنے کی جڑکی سڑن زیادہ اہم ہیں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں