زیادہ سردی اورکورے کے باعث پودوں کی بڑھوتری بُری طرح متاثرہوتی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت

پیر 20 جنوری 2020 13:37

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع )محمدنوید امجد نے کہاہے کہ زیادہ سردی اورکورے کے باعث پودوں کے تنوں‘شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بُری طرح متاثرہوتی ہے اورشدید سردی کیوجہ سے پودے مربھی جاتے ہیں اسلئے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کیلئے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پرعمل کریں۔

انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودو ں کو کورے کیوجہ سے جھلسنے کاخطرہ ہوتاہے اسلئے پودوں کو فوری طورپر ڈھانپ دیں جبکہ ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طورپر ڈھانپاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیاہے کہ بعض اوقات کاشتکارکھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں لہذا ایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور د ن کے وقت پودو ں سے بوریاں اتاردیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصلات‘باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اورباغات میںپودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں اسی طرح چھوٹی نرسریوں اورسبزیوں کوپلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگادیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنیوالی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر چھوٹی نرسریوں ‘باغات‘ سبزیات کو کورے اور زیادہ سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کے نزدیک بعدازسہ پہردھواں کریں نیزپلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں