بہاریہ مکئی کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی کی ہدایت

ہفتہ 18 ستمبر 2021 14:49

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2021ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ بہاریہ مکئی کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جڑی بوٹیوں کوبروقت تلف کریں کیونکہ جڑی بوٹیوں کیوجہ سے پیداوار20سے40فیصد تک کم ہوجاتی ہے جبکہ ان جڑی بوٹیوں میں ڈیلا، سوانکی گھاس،کرنڈ،چولائی، باتھو، کلفہ، چبڑ، کھبل گھاس،  مدھانہ گھاس،  لیبلی اور جنگلی پالک وغیرہ شامل ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصوراحمدنویدامجدنے''اے پی پی''کوبتایا کہا کہ کاشتکار فصل اگنے کے 40سے 45دن تک ان جڑی بوٹیوں کوضرور تلف کریں جبکہ ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کی جاسکتی اور کیمیائی طریقہ بھی اپنایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مکئی ہموار کھیت میں ڈرل یا پلانٹرکے ساتھ کاشت کی گئی ہو تو جڑئی بوٹیاں اگنے کے بعد ٹریکٹر کے ساتھ گوڈی کرکے ان کو تلف کیاجاسکتاہے اورآخری گوڈی کے بعد پودوں کے ساتھ مٹی چڑھانے سے تنوں کے ساتھ اگی جڑی بوٹیاں مٹی کے نیچے دب کر خود بخود ختم ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر مکئی کھیلیوں پرکاشت کی گئی ہو تو پھر کھرپے کے ساتھ گوڈی کرکے جڑی بوٹیاں تلف کی جاسکتی ہیں، جڑی بوٹیوں کو کیمیائی طریقہ سے تلف کرنے کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے مشورہ کرکے زہروں کاانتخاب اور ان سفارش کردہ زہروں کومقدار کے مطابق استعمال کرناچاہئیے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں