مسورکی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی ضروری ہے،محکمہ زراعت

جڑی بوٹیوں کی تلفی گوڈی اور جڑی بوٹی مار زہروں کے استعمال سے کی جاسکتی ہے،ترجمان

بدھ 22 نومبر 2017 16:37

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق مسورکی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی نہایت ضروری ہے‘جڑی بوٹیوں کی تلفی گوڈی اور جڑی بوٹی مار زہروں کے استعمال سے کی جاسکتی ہے‘جڑی بوٹیاں مسورکی فصل کا بہت زیادہ نقصان کرتی ہیں کیونکہ یہ مسور کے کمزور پودوں کو دبالیتی ہیں اگرفصل میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو پہلی گوڈی فصل اگنے کی30 تا40 دن بعد اور دوسری گوڈی فصل اگنے کے 70 تا80 دن بعد کریں‘فصل پرپھول آنے سے پہلے کھیت جڑی بوٹیوں سے پاک ہوناچاہئیے تاکہ تمام زرخیزی اور وترمسورکے پودوں کے کام آئے اور زیادہ پیداوار حاصل ہو‘انہوں نے کہا کیمیائی طریقہ سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے پینڈی میتھلین بحساب ایک لیٹر فی ایکڑ،150لیٹرپانی میں ملاکرسپرے کریں ‘زہرسطح زمین پر تروترکی موجودگی میں اثر کرتی ہے اسلئے صرف وترکی موجودگی میں ہی سپرے کریں‘ مسور کیلئے زیادہ آبپاشی درکارنہیں ہوتی اور فصل بارشوں سے ہی پک جاتی ہے‘ بصورت دیگر مسور کی فصل کو دو پانی درکارہوتے ہیں پہلا پانی پھول نکلنے سے پہلے اور دوسرا پھلیاں بننے پر دیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں