مختلف اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت بارے آگاہی مہم جاری ہے، محکمہ زراعت

منگل 12 دسمبر 2017 11:42

قصور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں سورج مکھی کی افادیت اور منافع بخش کاشت کے بارے میں کسانوںمیں شعور اجاگرکرنے اور پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سیمینارز کا انعقاد کیاجارہاہے، تیل دار اجناس کی کاشت کے فروغ کیلئے سورج مکھی کی کاشت میں اضافہ کیلئے ہر قسم کی معاونت کی جارہی ہے، اس اقدام سے نہ صرف کسان مالی طورپر مستحکم ہوگا بلکہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونیوالا قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سورج مکھی کی کاشت پر بھاری سبسڈی کے اعلان کے بعداس کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کیلئے گائوں گائوں مہم جاری ہے جس میں ماہرین‘ محققین‘ کسان کے منتخب نمائندے‘ اراکین اسمبلی‘ محکمہ زراعت کے افسران کسانوں کو سورج مکھی اگانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ذرائع ابلاغ‘ کاشتکارتنظیمیں اور فلاحی ادارے محکمہ زراعت پنجاب کا ساتھ د ے رہے ہیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں