علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کے سلسلے میں ’’اوپن ڈے ‘‘بھرپور طریقے سے منایا گیا

جمعہ 17 اگست 2018 19:07

قصور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کے سلسلے میں ’’اوپن ڈے ‘‘بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘عوام الناس کی آگاہی کیلئے خصوصی سیمینارز اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق عوام الناس کو فاصلاتی نظام تعلیم سے آگاہی کیلئے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصور میں خصوصی سیمینارز اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد احسن شکور ‘ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر سیکنڈری قصور میاں مقصود احمد ‘اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل سینٹر قصور چوہدری غلام حسین ‘پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصور بشیر احمد بھٹی ‘وائس پرنسپل زاہد احمد شیخ ‘پروفیسر ملک اصغر علی ‘افتخار مرزا ‘ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول فیاض احمد محمود‘سابق پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج سرفراز احمد معین‘پروفیسرز ریاض محبوب ‘محمد رفیق ساگر ‘اساتذہ ‘ٹیوٹرز ‘طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد احسن شکور نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فروغ تعلیم کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے بالخصوص فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات کو تعلیم کے بہترین مواقعے فراہم کئے جا رہے ہیں تا کہ وہ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر چوہدری غلام حسین نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ضلع قصور میں اس وقت 19ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ، یونیورسٹی میں میٹرک تا پی ایچ ڈی اور بی ایڈ اور ایم ایڈ کے داخلے 5ستمبر تک جاری رہیں گے جس کیلئے پراسپیکٹس ریجنل آفس یا قائم کئے گئے سیل پوائنٹس سے حاصل کی جاسکتی ہے یا یونیورسٹی ویب سائٹ سے داخلہ فارم ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی طرف سے غریب اور مستحق طلباء و طالبات کیلئے ایک سمسٹر کی فیس معاف جبکہ جیل کے قیدیوں اور خواجہ سرائوں کیلئے تعلیم مفت ہے ۔

قبل ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر ریجنل سروسز احسن شکور ‘اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر چوہدری غلام حسین اور دیگر نے اوپن ڈے کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں