ننھی زینب معاملہ ،احتجاجی مظاہرین کا ملزم کو سر عام پھانسی دینے کا مطالبہ

بدھ 10 جنوری 2018 16:50

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔10جنوری 2018ء): 7 سالہ ننھی زینب کے ساتھ زیادتی کیس میں انصاف لینے کے لئے قصور شہر کے لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں جن کا مطالبہ ہے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے سر عام پھانسی دی جائے ،مشتعل افراد اس وقت پولیس کے کنٹرول سے باہر ہیں ،سراپا احتجاج لوگوں کے لئے رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے ،پولیس کی جانب سے مشتعل افراد پر فائرنگ بھی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور3افراد شدید زخمی ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 7 سالہ کمسن بچی زینب 5جنوری کو اغوا ء ہوئی اور4دن بعد اس کی لاش لال شہباز روڈ سے ملی ،پولیس کے مطابق بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے تاہم جب قصور شہر کے لوگوں میں یہ خبر آگ کی طرح پھیلی تو تما م لوگ احتجاج کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ایک سال کے دوران 7کمسن بچیوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا ہے لیکن پولیس نے ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ۔اس لئے تمام مشتعل افراد پولیس ِکے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے ہیں اور ملزم کو سر عام پھانسی دینے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں