وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی علی الصبح مقتولہ زینب کے گھر آمد،

والدین سے اظہار تعزیت لمحہ بہ لمحہ کیس کی نگرانی کر رہا ہوں ،جب تک مجرم کو کٹہرے میں نہیں لائیں گے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دے دی جس میں سول اور عسکری دونوں اداروں کے اراکین شامل ہیں‘ شہباز شریف

جمعرات 11 جنوری 2018 13:42

وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی علی الصبح مقتولہ زینب کے گھر آمد،
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 7 سالہ زینب کے گھر پہنچے اور والدین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلی شہباز شریف جمعرات کی صبح 5بجے اچانک قصور میں مقتولہ زینب کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت محمد احمد خان اور اعلی افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈی پی او قصور زاہد خان مروت نے واقعہ پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ جتنا ظلم اور زیادتی ہوئی ہے وہ ناقابل بیان ہے، لمحہ بہ لمحہ اس کیس کی نگرانی کر رہا ہوں اور واقعہ میں ملوث درندہ صفت ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائے گا۔ کمسن بچی کے خاندان کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے اور جب تک مجرم کو کٹہرے میں نہیں لائیں گے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کے قاتل اس دھرتی کا بوجھ ہیں، بچوں کے ساتھ زیادتی کا ارتکاب کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دے دی جس میں سول اور عسکری دونوں اداروں کے اراکین شامل ہیں، ملزم کو بلا تاخیر گرفتار کرکے قانون کے مطابق ایسی دلائی جائے گی کہ کسی کو آئندہ ایسی جرات نہ ہو۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احتجاج پر بلاجواز فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں