آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب کا واقعہ زیر بحث لایا جارہا ہے ،ہم دنیا کو پاکستان کا کون سا چہرہ دکھا رہے ہیں ، خورشید شاہ

یہ ملک ہم نے کسی مقصد کے لئے حاصل کیا تھا اس لئے نہیں کہ چند گھرانے اس پر حکومت کریں، ظلم سے نجات کے لئے چلائی جانے والی تحریک کی کامیابی کا دارو مدار عوام کی سوچ پر ہے، اپوزیشن لیڈر

منگل 16 جنوری 2018 19:06

آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب کا واقعہ زیر بحث لایا جارہا ہے ،ہم دنیا کو پاکستان کا کون سا چہرہ دکھا رہے ہیں ، خورشید شاہ
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2018ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب واقعہ کو زیر بحث لایا جا رہا ہے ہم دنیاکو پاکستان کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں یہ ملک ہم نے کسی مقصد کے لئے حاصل کیا تھا اس لئے نہیں کہ چند گھرانے اس پر حکومت کریں۔ ظلم سے نجات کے لئے چلائی جانے والی تحریک کی کامیابی کا دارو مدار عوام کی سوچ پر ہے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز قصور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کی توجہ کسی اور طرف ہے اس لئے زینب کے قاتل گرفتار نہیں ہو سکے ۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوئے لیکن توجہ نہیں دی گئی ۔ پنجاب حکومت اور پولیس نے قاتل کو گرفتار کرنے کے بجائے احتجاج کرنے والوں پر گولیاں چلائیں جس سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے اور احتجاجی مظاہرین کو جیلوں میں ڈالا گیا۔

(جاری ہے)

قاتلوں کو چھپانے والے بھی اس گناہ میں برابر کے شریک ہیں۔ پنجاب پولیس اور وزیراعلٰی ناکام ہو چکے ہیں ۔ مردان میں بھی کل اسی طرح کا واقعہ پیش آیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ملک پرامن ملک تھا جو کسی مقصد کے لئے حاصل کیا گیا تھا اس لئے نہیں کہ چند گھرانے اس پر حکومت کریں۔ حکومت کی نااہلی کے باعث ایسے واقعات دنیا میں ہماری بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔ آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب کے واقعے کو زیر بحث لایا جائے گا ہم دنیا کو پاکستان کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ نصاب میں جنسی استحصال سے بچائو کی تعلیم کے حق میں ہیں ۔۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں