''ننھی زینب اور گُلابی رنگ'' قبر کو پانی دینے والے بابا شریف کے ایک جُملے سے سوشل میڈیا صارفین آبدیدہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 6 فروری 2018 15:18

''ننھی زینب اور گُلابی رنگ'' قبر کو پانی دینے والے بابا شریف کے ایک جُملے سے سوشل میڈیا صارفین آبدیدہ
قصور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 فروری 2018ء) : قصور میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننےکے بعد قتل ہونے والی ننھی زینب نے پوری قوم کو جھنجھوڑ دیا تھا ۔ آج بھی زینب کا نام سُنتے ہی اس ننھی کلی کا معصوم چہرہ نظروں کے سامنے آ جاتا ہے ۔ سوشل میڈیا پر زینب قتل کیس کو زیادہ کوریج ملنے پر ہی چیف جسٹس نے بھی زینب کیس کا از خود نوٹس لیا جس کے بعد زینب کا قاتل پکڑا گیا۔

حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ مجھے زینب کی قبر پر جانے کا اتفاق ہوا، اس کی قبر گُلابی رنگ کے پھولوں سے سجی ہوئی تھی۔ لگتا ھے زینب امین کو آم ہی نہیں گلابی رنگ بھی بہت پسند تھا۔ زینب کی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصویر میں بھی اسنے گُلابی رنگ کی جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔ فراک سے لے کر جیکٹ اور اب قبر پرگلاب۔

(جاری ہے)

میں نے زندگی میں پہلی بار شہد کی مکھیوں کو اس طرح کسی کی قبر پر اٹھکیلیاں کرتے,اُڑتے اور بیٹھتے دیکھا تھا۔

یہ منظر دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے شہد کی مکھیاں زینب سے چھُپن چھُپائی کھیل رہی ہوں۔ میں زینب کی قبر کے پاس ہی بیٹھ گیا اور میری آنکھیں نم ہو گئیں۔ شہد کی مکھیوں کی اٹھکھیلیاں دیکھتے ہی میں نم آنکھوں کے باوجود بے اختیار مُسکرا دیا۔ مجھے ایسے لگا جیسے میں زینب اور شہد کی مکھیوں کے کھیل کا ایمپائر ہوں۔ میرے قبر کے پاس بیٹھتے ہی شہد کی مکھیاں میرے کان کے قریب آکر گھُوں گھُوں کرنے لگیں۔

شاید کہہ رہی ہوں کہ میں نے زینب کے حق میں ڈنڈی ماری ہے۔ تمام مکھیاں زینب کی قبر کے ارد گرد ہی گھومتی رہیں ، اور میں یہ منظر دیکھتا رہا ۔ بھلا زینب کو چھوڑ نا اتنا آسان تھوڑی ہے؟ میں قبر کے قریب بیٹھا یہ سب کچھ دیکھ ہی رہا تھا کہ پھر بابا شریف آگئے۔ بابا شریف (جو زینب کےعزیز نہیں ہیں) نے زینب کی قبر پر پانی لگانا شروع کر دیا۔ یہ منظر دیکھ کر میری آنکھوں سے بھی آنسو جاری ہو گئے۔

کچھ لمحوں کے بعد میں نے بابا شریف کو مخاطب کر کے پوچھا '' بابا جی! جانتے ہیں یہ کس کی قبر ہے؟ جس پر بابا شریف نے خمیدہ کمر میری طرف موڑے بغیر کہا آہو پتر۔۔۔۔!!اپنی جینب دی۔۔۔۔۔!! سوشل میڈیا صارف کی اس پوسٹ نے صارفین کو ایک مرتبہ پھر سے آبدیدہ کر دیا ہے۔یہ پوسٹ اور یہ ایک جُملہ زینب سے اپنایت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ کیسے اس کے ساتھ ہوئی درندگی نے پوری عوام کو یک زبان ہو کر ظلم کے خلاف بولنے پر مجبور کر دیا۔ زینب کو یاد کرتا ہر شخص یقیناً یہی دعا کرتا ہے کہ زینب کا قاتل منطقی انجام تک پہنچ جائے۔ اور یہ کہ کچھ ایسا ہو جائے کہ ملک میں ہماری معصوم کلیاں اور ننھے پھول کسی ظلم کا شکار ہونے سے بچ جائیں۔ تاکہ ایسے بچے کھل سکیں، اور پورے ملک کو اپنی مہک سے معطر کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں