ضلع قصور میں پاکستان کا71وا ں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ‘ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے پرچم کشائی کی

پاکستان کیخلاف ہونیوالی ہر سازش کو جذبہ الوطنی سے شکست دینگے ‘قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو پر امن اور مستحکم ملک بنائینگے‘خطاب

منگل 14 اگست 2018 15:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی پاکستان کا 71وا ں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ‘ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی و یکجہتی اورامت مسلمہ کی بہتری کی دعائوں سے کیا گیا ۔قصور میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد‘ڈی پی او سید منتظر مہدی اور دیگر افسران نے پرچم کشائی کر کے تقریبات کا آغاز کیا ۔

اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بزرگوں کی انتھک محنت اور قربانیوں سے یہ وطن حاصل کیا ہے آج اس کے 71ویں یوم آزادی پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملکر اسے ایک مضبوط اور مستحکم ملک بنائینگے اوراس وطن عزیز کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کواتفاق و اتحاد اور جذبہ الوطنی سے ناکام بنائینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا مگر اس کیلئے ہم سب کو مساوات ‘رواداری ‘تحمل ‘بھائی چارے اور جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اندرونی بیرونی سازشوں کا شکار ہے اور دشمن اسے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے مگر ہم اپنے جذبہ الوطنی ‘فہم و فراست ‘جوش ‘خدمت اور محنت کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح ؒاور علامہ محمد اقبال ؒکے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ایک پر امن اور مستحکم ملک بنائینگے جس پر پوری دنیا فخر کریگی ۔اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ‘تقاریر اور ٹیبلو پیش کئے ۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ جیل قصور میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد ‘ ڈی پی او سید منتظر مہدی ‘ سپریٹنڈنٹ جیل سید بابر علی اور صدر بار سردار فاخر علی ایڈووکیٹ نے شرکت کی اور یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالے اسیران میں انعامات اور مٹھائی تقسیم کی ۔

اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میں مریضوں اور انکے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی اور اسسٹنٹ کمشنر قصور رابعہ مودودی نے دارالامان میں موجود خواتین میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں