پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے،ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر

اتوار 21 اپریل 2019 13:05

قصور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ، تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ، والدین پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے لازمی طور پر پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلوائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انسداد پولیومہم کے سلسلہ میں بچوں کو قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اظہر امین ، ڈی ایچ او ڈاکٹر لائیق ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد فیاض اور محکمہ ہیلتھ کے دیگر افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور میں پولیو مہم 22تا 24اپریل2019تک جاری رہے گی اور ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 45ہزار 914بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے مجموعی طور پر 1482ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن میں 1283موبائل ٹیمیں ، 126فکسڈ 73ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ288ایریا انچارجز ہیں جو ان ٹیموں کی نگرانی کرینگے ۔

ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی ترقی کا دارومدار صحت مند افراد پر منصر ہوتا ہے ہمیں اپنے ملک کی ترقی کیلئے قوم کے معماروں کو بیماریوں سے چھٹکارہ کیلئے بروقت پولیو قطرے پلا کر اپنا قومی فریضہ ادا کرنا چاہیے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اپیل کی کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے معززین شہر، سول سو سائٹی کے اراکین ، سماجی تنظیموں کے نمائندے آگے آئیں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور انسداد پولیو مہم کو ایک فریضے اور مشن کے تحت کامیابی سے ہمکنار کیا جائے ۔پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں