ْحکمرانوں کے اشتعال انگیز بیانات سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک میں جان پڑ رہی ہے‘لیاقت بلوچ

حکومت کے خلاف پر امن احتجاج جمہوری حق ہے، آئین حکومت کے خلاف احتجاج کے جمہوری حق سے کسی کو نہیں روکتا

منگل 22 اکتوبر 2019 15:08

ْحکمرانوں کے اشتعال انگیز بیانات سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک میں جان پڑ رہی ہے‘لیاقت بلوچ
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) حکمرانوں کے اشتعال انگیز بیانات سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک میں جان پڑ رہی ہے۔حکومت کے خلاف پر امن احتجاج جمہوری حق ہے، ریاست کی طاقت سے کسی کے احتجاج کو ملیا میٹ نہیں کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پریس کلب سرائے مغل کے سرپرست اعلی حاجی محمد رمضان کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا۔

ان کے ہمراہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ناظم مالیات نزیر احمد جنجوعہ بھی موجود تھے ۔صحافیوں سے گفتگو سے قبل لیاقت بلوچ نے نواحی گاوں رائو والہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما ڈاکٹر شفقت علی کے میرج ہال کے افتتاح کے موقع پر علاقے بھر کے معززین کی بہت بڑی تعداد سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے کہا کہ حکمرانوں کے اشتعال انگیز بیانات سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک میں جان پڑ رہی ہے۔

حکومت کے خلاف پر امن احتجاج جمہوری حق ہے، آئین حکومت کے خلاف احتجاج کے جمہوری حق سے کسی کو نہیں روکتا۔حکومت کو یہ حق نہیں کہ ریاست کی طاقت سے کسی کے احتجاج کو ملیا میٹ کرے۔ اس وقت کوئی ایک جماعت نہیں، بلکہ تمام اپوزیشن جماعتیں اورعوام حکمرانوں کی نااہلی پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو ناچ خانہ کے بعد لنگر خانہ بنایا ہے۔

ناکام اور انسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام ذہنی دباو کا شکار ہو رہے ہیں۔ حکمرانوں کا رویہ ظاہر کر رہاہے کہ وہ ایوان اقتدار میں نہیں پاگل خانہ میں ہیں۔عوام کی قوت برداشت ختم ہورہی ہے۔اس سے قبل کہ مہنگائی کے مارے عوام اورتمام اپوزیشن اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کر دیں حکمرانوں کو عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر دینا چاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں تعصب، بے حسی اور بڑی ظالم قوتوں کا خوف ترک کریںاورمقبوضہ کشمیر کے انسانوں کو خوفناک انسانی المیہ سے بچائیں۔

اقوام متحدہ ہندوستان کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کی حقیقت تلاش کرنے کے لیے مشن بھیجے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت اور آزادی کے حصول کے لیے بھارتی قابض فوج کے انسانیت سوز مظالم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر پاکستانی غیور کشمیری عوام کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم عمران خان تقریروں، مظاہروں اور سوشل میڈیا کے حصار سے باہر آئیں۔ قومی وحدت و یکجہتی کے ساتھ آزادی کشمیر کے لیے روڈ میپ دیں اور عملی اقدامات کریں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں