صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے زیر صدارت نئے بلدیاتی نظام کی آگاہی کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر محمد اظہر حیات نے نئے بلدیاتی اداروں کے بارے تفصیلی آگاہی اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی بلدیاتی ایکٹ 2019 کا نفاذ صوبہ بھر کیلئے ترقی وخوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا ‘مقامی حکومتوں کے قیام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے ‘شہری ودیہاتی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ‘صوبائی سیکرٹری ڈاکٹر احمد جاوید قاضی

بدھ 20 نومبر 2019 19:10

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) ضلعی انتظامیہ قصور کے زیر اہتمام نئے بلدیاتی نظام کی آگاہی کے سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا ۔جس کی صدارت سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اظہر حیات ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنرز قصور انعم زید ، چونیاں شبیراحمد ڈوگر ، پتوکی آصف علی ڈوگر ، کوٹ رادھاکشن منور عباس بخاری ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک طارق محمود ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قصور چوہدری محمد شہزاد اکرم ،ضلع بھر کے ایڈمنسٹریٹرز اور چیف آفیسرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019کے تحت بننے والی میونسپل کارپوریشن ، میونسپل کمیٹیز ، ٹائون کمیٹیز اور تحصیل کونسلز کے بارے میں تفصیلی آگاہی اور ان کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نئے بلدیاتی نظام 2019 کے خدوخال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد نافذ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ 2019 کا نفاذ صوبہ بھر کیلئے ترقی وخوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا اور مقامی حکومتوں کے قیام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے جس سے صوبہ بھر میں شہری ودیہاتی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام ان بلدیاتی اداروں کو اپنا ادارہ سمجھیں اور تمام متعلقہ واجب الادا ٹیکسز کو ایک ذمہ دارشہری ہونے کے ناطے ادا کریں تا کہ تمام سہولیات بروقت بلا تعطل شہریوں کو میسر آسکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے ترقیاتی کاموں کے لیے بہترین منصوبہ بندی ہوگی جس سے یقینی طور پر ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر خرچ ہونے سے لوگوں کے درینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کا بغور مطالعہ کریں اور اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 2020 تمام ادرے فنانشلی طور پر ویسے ہی کام کریں گے جسں طرح پہلے کام کر رہے تھے اس کے بعد حکومت کی طرف سے جو نئی ہدایات آئیں گی اس پر فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا ۔آخر میں تمام ایڈمنسٹرز اور چیف آفیسرز نے دفتری امور کی انجام دہی میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو آگا ہ کیاجس پر انہوں نے بہت جلد تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں