1971 کی جنگ کے دوران فائرکیا جانے والا بھارتی میزائل49سال بعد برآمد

کرکٹ پیچ بنانے کے دوران کنگن پور میں بنجرزمین سے روسی ساخت کا آٹھ فٹ لمبا شارٹ رینج میزائل نکل آیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 22 فروری 2020 22:28

1971 کی جنگ کے دوران فائرکیا جانے والا بھارتی میزائل49سال بعد برآمد
قصور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2020ء) 1971 کی جنگ کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان میں فائر کیا جانے والا ایک میزائل پنجاب میں ضلع قصور کے نواحی علاقے کنگن پور سے زمین سے برآمد ہوا، جسے ناکارہ بنا دیا گیاہے.نہر کے قریب سے ملنے والے اس میزائل کے مار کرنے کی صلاحیت تین کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے اس لیے ناکارہ کرنے سے پہلے قریب کے سات دیہات خالی کرا لیے گئے.

(جاری ہے)

یہ میزائل زمین سے اس وقت برآمد ہوا جب چند نوجوان کرکٹ کھیلنے کے لیے پچ بنانا چاہتے تھے تو کھدائی کے دوران میزائل نکل آیاجس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی میزائل کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور رینجرز نے مذکورہ مقام کو سیل کرکے بم ڈسپوزل سکواڈ سے علاقہ کلیئر کروایا اور میزائل کو ناکارہ بنانے کے اقدامات شروع کیے گئے. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تھانہ کنگن پور کے ایس ایچ او ذوالفقار احمد نے بتایا کہ میزائل کو 15 فٹ گہرے گڑھے میں دبا کر بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنایا گیا‘انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں نے کھدائی کی تو نیچے لوہے کی چیز دکھائی دی جیسے جیسے کھدائی ہوتی رہی میزائل زیادہ نمایاں ہوتا رہا جس پر وہ خوف زدہ ہوکر بھاگ گئے اور پولیس کو اطلاع دی.پولیس کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ دریائے ستلج کے کنارے واقع ہے اور یہاں سے سرحد تین چار کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اطلاعات کے مطابق 1971 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران اس آبادی پر کئی بھارتی میزائل مارے گئے جن سے کافی نقصان بھی ہوا تھا.انہوں نے بتایا کہ یہ میزائل بھی اسی دوران یہاں پھینکا گیا ہوگا جہاں سے یہ ملا ہے یہ زمین بنجر تھی اس لیے یہاں فصلیں نہیں لگائی جاتیں اور اب لڑکوں نے پچ بنانے کی کوشش کی تو یہاں سے میزائل برآمد ہوا.

انہوں نے بتایا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق اس میزائل کے چلنے کی صورت میں جن علاقوں میں نقصان کا خطرہ تھا وہاں آبادیاں خالی کرالی گئی تھیں، جن میں کانگڑیاں قصبہ کل،کوٹھاکلاں، بستی گھون، بستی موکن، پل گھارا و دیگر شامل ہیں.حکام کا کہنا ہے کہ میزائل کی لمبائی آٹھ فٹ اور موٹائی 40 انچ تھی جس پر 66 - N لکھا ہے یہ میزائل روسی ساخت کا بتایا جا رہا ہے اور اسے مارٹر گولہ بھی کہا جا رہا ہے.

کنگن پور کے ایس ایچ او ذوالفقار احمد نے بتایا کہ آس پاس کے علاقوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس قسم کا کوئی اور میزائل موجود نہ ہو، خاص طور پر نہر کے اردگرد بے آباد زمین میں ہل چلاکر چیک کیا جا رہا ہے جو عرصہ دراز سے بے آباد پڑی ہیں.انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ قبل نہر کشادہ تھی، لہذا ہوسکتا ہے کہ یہ میزائل پانی میں گرا ہو اور نیچے دب گیا اور جب یہ زمین نہر سے علیحدہ ہوئی تو یہ زیر زمین ہی پڑا رہا جو اب برآمد ہوا ہے.

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں