قصور، پھل دار پودے بارآورہونے تک ان میں موسم خریف کی سبزیاں کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 25 مئی 2020 19:15

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2020ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں ‘کاشتکاروں کو اوائل عمرمیں پھل دار پودے بارآورہونے تک ان میں موسم خریف کی سبزیاں ٹینڈا‘کدو‘کریلا‘ پیاز‘بھنڈی ‘پھول گوبھی‘ مولی‘ گاجر اورخربوزہ کے علاوہ پھلی دار اجناس مونگ ‘ماش موٹھ اور رواں جبکہ چاروں میں گواراور جنترکاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ ان فصلوں کے کاشتہ پودوں کی صحت اور بڑھوتری پر اچھااثرپڑتاہے کیونکہ باغ جڑی بوٹیوں سے صاف اور زمین کی حالت بھی بہتررہتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصور محمدنویدامجدنے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں باغات کا زیرکاشتہ رقبہ 4لاکھ ہیکٹرز سے زیادہ جس میں ترشادہ پھلوں کا زیرکاشت رقبہ1لاکھ 90ہزار ہیکٹرزہے جس سے 2لاکھ ٹن سے زائدپیداوار حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرباغات میں فصلیں کاشت نہ کی جائیں تو ان میں گوڈی کرنے اورجڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے بار بار ہل چلاناپڑتاہے جوکہ باغبانوں پراخراجات کی صورت میں بوجھ بن جاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ شروع میں پھل دار پودے اتنے بڑے نہیں ہوتے اور ساری زمین کو نہیں گھیرتے اس لئے ان پودوں کے درمیان دوسری نفع آور فصلیں باآسانی اگائی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں